Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسک کا ٹوئٹر خریدنے کی پیشکش سے پیچھے ہٹنے کا انتباہ

یہ پہلا موقع ہے جب ایلون مسک نے تحریری طور پر معاہدے سے الگ ہونے کی دھمکی دی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
دنیا کے امیر ترین انسان اور الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے کہا ہے اگر سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئٹر انہیں سپام اور جعلی اکاؤنٹس کا ڈیٹا فراہم کرنے میں ناکام رہا تو وہ ٹوئٹر خریدنے کی اپنی 44 ارب ڈالر کی پیشکش سے پیچھے ہٹ سکتے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کو ٹوئٹر کے نام خط میں ایلون مسک نے ایک بار پھر اپنی درخواست کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بوٹ اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا ہے وہ انضمام کو ختم کرنے کا حق رکھتے ہیں کیونکہ کمپنی انہیں معلومات فراہم نہ کر کے اپنی ذمہ داریوں کی ’واضح خلاف ورزی‘ کر رہی ہے۔
ٹوئٹر کے حصص 5.5 فیصد کمی کے بعد 38.13 ڈالر پر پہنچ گئے ہیں، جو ایلون مسک کی 54.20 ڈالر فی حصص پر خریدنے کی پیشکش سے کافی کم ہے۔
رؤئٹرز نے ٹوئٹر انتظامیہ سے اس حوالے سے جب ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
یہ پہلا موقع ہے جب ایلون مسک نے تحریری طور پر معاہدے سے الگ ہونے کی دھمکی دی ہے۔
خط کے مطابق ’ایلون مسک کا خیال ہے کہ ٹوئٹر انضمام کے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی تعمیل شفاف طریقے سے کرنے سے انکار کر رہا ہے، جس کی وجہ سے مزید شکوک پیدا ہو رہے ہیں کہ کمپنی درخواست کردہ ڈیٹا کو روک رہی ہے۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ مہینے کے اوائل میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ معاہدہ عارضی طور پر روک رہے ہیں کیونکہ انہیں سوشل میڈیا کمپنی کی جانب سے ٹوئٹر پر موجود فیک اکاؤنٹس کی تعداد کے ڈیٹا کا انتظار ہے۔

شیئر: