Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی وزیراعظم کا دورہ امارات، صدر محمد بن زاید النہیان سے ملاقات

امارات نے اسرائیل کے ساتھ سنہ 2020 میں تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے ’ابراہام اکارڈ‘ پر دستخط کیے تھے۔ فوٹو: وام
ابوظبی میں سرکاری دورے پر آئے اسرائیل کے وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز نے امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے حوالے سے بتایا کہ نیفتالی بینیٹ اور شیخ محمد بن زاید نے دونوں ملکوں کے درمیان معاشی، ترقیاتی، سرمایہ کاری، صحت اور فوڈ سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ دونوں اقوام کی خواہشات پوری کی جا سکیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نے امارات کے سابق صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی رحلت پر تعزیت بھی کی۔ شیخ خلیفہ گزشتہ ماہ انتقال کر گئے تھے۔
نیفتالی بینیٹ نے شیخ خلیفہ کی دنیا کے ساتھ تعلقات، امن اور تعاون کی خدمات پر اُن کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وام کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم نے شیخ محمد بن زاید کو صدارت سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسرائیل متحدہ عرب امارات کے ساتھ اگلے مرحلے میں ’دونوں اقوام کے استحکام اور مفاد‘ میں تعلقات بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔
شیخ محمد بن زاید نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اسرائیلی وزیراعظم کی نیک خواہشات کو سراہا۔
خیال رہے کہ امارات نے اسرائیل کے ساتھ امریکہ کی مدد سے سنہ 2020 میں تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے ’ابراہام اکارڈ‘ پر دستخط کیے تھے۔
بحرین، سوڈان اور مراکش نے بھی بھی اسرائیل کے ساتھ امریکی مدد سے تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے کیے ہیں۔
حالیہ عرصے میں اسرائیل کے وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ گزشتہ دونوں دوروں کے بارے میں اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

شیئر: