Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کسی کو شاہ رخ کی طرح ڈانس کرتے نہیں دیکھا‘

ماہرہ خان اور شاہ رخ خان فلم ’رئیس‘ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں (فائل فوٹو: سکرین گریب)
اداکارہ ماہرہ نے کہا ہے کہ میں نے پاکستان میں کسی کو بالی وڈ ہیرو شاہ رخ خان کی طرح ڈانس کرتے نہیں دیکھا۔
اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار فہد مصطفیٰ ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں، یہ فلم عید الاضحیٰ پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔  
فلم قائداعظم زندہ باد کے ٹریلر لانچ کی تقریب میں گفتگو کرتے اداکارہ ماہرہ خان سے سوال کیا گیا کہ انہیں نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور اداکار فہد مصطفیٰ کے ساتھ کام کرنے میں کیا فرق محسوس کیا؟
اس سوال پر ماہرہ خان نے کہا کہ یہ ایک مشکل سوال ہے لیکن میں آپ کو ایک چیز بتاؤں کہ جب میں اور شاہ رخ خان ڈانس کی ریہرسل کرتے تھے تو یہ سچ بات ہے کہ جس طرح سے وہ ریہرسل کے بغیر باآسانی ایسے سٹیپس اٹھاتے تھے جیسے انہوں نے کافی پریکٹس کی ہو۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بغیر ریہرسل اس طرح ڈانس کرتے تھے کہ آپ کہیں گے کہ میں تو پانچ دن سے پریکٹس کررہی تھی اور یہ میرے سامنے آج اس طرح ڈانس کر رہا ہے۔      
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان میں کسی کو شاہ رخ کی طرح ڈانس کرتے نہیں دیکھا جس طرح وہ جلدی جلدی ڈانس سٹیپس کرتے تھے۔
اس سوال کے جواب میں ماہرہ سے قبل فہد مصطفیٰ نے ازراہِ مذاق کہا کہ شاہ رخ خان پٹھان ہے اور میں سندھی ہوں۔
بالی وڈ اداکار شاہ خان بھی کئی بار پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی تعریف کرچکے ہیں، گذشتہ برس ایک انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ ماہرہ خان کا کام اور اُن کا بات کرنے کا انداز بہت اچھا ہے، مجھے اُن کے ساتھ کام کرکے بہت خوشی محسوس ہوئی۔

ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ ان دنوں فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں (فائل فوٹو: فلم قائد اعظم زندہ باد)

یاد رہے کہ اداکارہ ماہرہ خان اور بالی وڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان نے 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’رئیس‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقعہ ہوگا جب شائقین ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو ایک ساتھ بڑے پردے پر دیکھیں گے، اس سے قبل دونوں نے کبھی ایک ساتھ کام نہیں کیا۔
نبیل قریشی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم قائداعظم زندہ باد کو 2021 میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن کورونا وائرس کے باعث سنیما گھروں کی بندش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہونے کے بعد اب اسے عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

شیئر: