Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مئی 2022 میں اوورسیز پاکستانیوں نے دو ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات زر بھیجیں

پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہونے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپیہ دباؤ کا شکار ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
مئی 2022 میں بیرون ملک سے پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر دو ارب ڈالر سے زیادہ رہیں۔
جمعے کو پاکستان کے سٹیٹ بینک نے ایک بیان میں کہا کہ مئی 2022 میں دو ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر کی آمد ہوئی۔
بیان کے مطابق اس طرح اوورسیز کارکنوں کی ترسیلات زر نے جون 2020 سے مسلسل  2 ارب ڈالر  سے زائد کی سطح پر رہنے کا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔
سٹیٹ بینک نے بتایا کہ نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر  میں ماہ بہ ماہ بنیاد پر 25.4 فیصد اور سال  بہ سال کی بنیاد پر 6.9  فیصد کمی ہوئی، جس سے بڑی  حد تک عید کے بعد معمول کے مطابق موسمی کمی اور اس کی طویل چھٹیوں کی عکاسی ہوتی ہے۔
مالی سال 2022 کے ابتدائی 11 مہینوں میں ترسیلات زر 6.3 فیصد (سال بہ سال) نمو کے ساتھ مجموعی طور پر 28.4 ارب ڈالر رہیں۔
مئی 2022ء میں ترسیلات زر کے اہم ذرائع میں سعودی عرب (542 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (435 ملین ڈالر)، برطانیہ (354 ملین ڈالر) اور امریکہ (233 ملین ڈالر) شامل ہیں۔

شیئر: