Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شاداب کا پاگل مداح‘، کرکٹر نے کھیل روک کر گلے لگا لیا

محمد عاطف نے واقعہ کی ویڈیو شیئر کر کے لکھا کہ 'شاداب کا پاگل مداح۔‘ فوٹو: سکرین گریب
فلمی ستارے ہوں یا کھلاڑی، ان کے مداح ان سے ملنے کے لیے ہر وقت بے تاب رہتے ہیں۔ بعض مداح اپنے پسندیدہ سٹار سے ملنے کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہو جاتے ہیں۔
ایسا ہی عجیب واقعہ جمعے کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ کے دوران دیکھنے میں آیا۔
میچ کا 38 واں اوور جاری تھا کہ ایک تماشائی شاداب خان سے ملنے کے لیے جنگلہ پھلانگ کر پچ کی جانب دوڑ پڑا جہاں شاداب بیٹنگ کر رہے تھے۔
فین نے قریب آ کر شاداب کو سیلوٹ کیا اور پھر شاداب نے فوراً سے اسے گلے سے لگا لیا جس کے بعد وہ جھومتا ہوا سٹیڈیم سے باہر بھاگ گیا۔
ایسے واقعات فوراً سے سوشل میڈیا کی زینت بن جاتے ہیں۔ اس واقعے پر بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دلچسپ تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
نیشا براک نامی صارف نے ٹویٹ کیا کہ ’مداح واقعات بنائے بغیر کبھی نہیں رہ سکتے۔ ایک مداح دوڑتا ہوا پچ پر آیا اور شاداب سے گلے ملا۔‘
ناک آؤٹ 99 نامی ٹوئٹر ہینڈل نے واقعہ کی تصویر شیئر کر کے لکھا ’ایک خوش قسمت مداح نے شاداب کو گلے لگایا۔‘
ایمی عابد نامی صارف نے کہا ’شاداب خان نے اپنے فین کو گلے لگا کر شاندار عمل کا مظاہرہ کیا۔‘
محمد عاطف نے واقعہ کی ویڈیو شیئر کر کے لکھا کہ 'شاداب کا پاگل مداح۔‘
دوسرے ون ڈے جہاں یہ دلچسپ واقعہ دیکھنے میں آیا وہیں پاکستان کے مڈل آرڈر کی خراب کارگردگی بھی سوشل میڈیا پر زیربحث آئی۔

کپتان بابر اعظم اور امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد کسی بیٹر نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا جس کے باعث نے 7 رنز کے عوض تین وکٹیں گنوا دیں۔

اننگز کی سب سے خاص بات کپتان بابر اعظم کا 77 رنز پر آوٹ ہونا تھا جس کے بعد بابر کی لگاتار چوتھی سینچری کے انتظار میں بیٹھے مداح مایوس نظر آئے۔
واضح رہے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 275 رنز سکور کیے۔

شیئر: