Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈلاک، بجٹ پیش نہ ہوسکا

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد اسمبلی کا اجلاس چھ گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا لیکن اپوزیشن نے مسلم لیگ نواز کے رہنما عطا تارڑ کی اسمبلی میں موجودگی پر اعتراض کرتے ہوئے نعرے بازی شروع کر دی۔
واضح رہے  کہ پیر کو پنجاب کا اسمبلی کا اجلاس دن دو بجے ہونا طے تھا لیکن اپوزیشن کے تحفظات کی وجہ سے اجلاس میں تاخیر ہوئی۔
جب اجلاس شروع ہوا تو مسلم لیگ نواز کے رہنما عطا تارڑ کو اسمبلی میں دیکھ کر اپویشن نے شدید نعرے بازی کی۔ جس کے بعد سپیکر پرویز الٰہی نے سارجنٹ ایٹ آرمز کو حکم دیا کہ وہ عطا تارڑ کو باہر جانے کو کہیں۔
سپیکر کی رولنگ کے بعد حکومتی اراکین عطا تارڑ کے گرد جمع ہوئے تاہم کچھ دیر بعد عطا تارڑ اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے اسمبلی سے باہر چلے گئے۔
اس سے قبل پیر کی شام کو مسلم لیگ نواز کے اسمبلی میں چیف وہپ طاہر خلیل سندھو نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔‘
دوسری جانب سابق وزیرقانون اور اپوزیشن رہنما راجہ بشارت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’آج بجٹ اجلاس سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے۔ اپوزیشن کا موقف تھا کہ ہمارے خلاف جو بے بنیاد مقدمات بنائے گئے، ان تمام مقدمات کو ختم کیا جائے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’آج اسی پر مذاکرات ہوتے رہے اور بالآخر یہ طے پایا کہ حکومت یہ مقدمات واپس لے گی۔‘
خیال رہے کہ پیر ہی کو پنجاب کی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی منظوری دی ہے جبکہ کینسر کے مریضوں کو ادویات کی مفت فراہمی کے لیے ایم او یو بھی پاس کیا گیا ہے۔
صوبائی کابینہ کا اجلاس پیر کو لاہور میں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی صدارت میں ہوا، جس میں مالی سال 2022،23 کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں ملازمین کے لیے 15 فیصد اضافی سپیشل الاؤنس کی ادائیگی کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلٰی حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بجٹ  میں صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کے لیے اقدامات کی تجاویز دی گئی ہیں۔
ان کے مطابق ’بجٹ سیاسی و انتظامیہ ٹیم کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔‘
اجلاس میں پنجاب کابینہ کے پچھلے اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔
کابینہ اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری وار متعلقہ محکموں نے سیکریٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022،23 کی منظوری بھی دی گئی
کابینہ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022-23 کی منظوری
خیال رہے پنجاب کا بجٹ آج پیش کیا جا رہا ہے۔

شیئر: