Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مشاعر مقدسہ‘ میں صفائی کے کام کا آغاز

65 ہزار بڑے کچرا دان مہیا کیے گئے ہیں (فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے حج سیزن کی تیاری کے لیے منٰی، مزدلفہ اور عرفات میں صفائی کی مہم کا آغاز کردیا ہے۔  
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی کی صفائی فیلڈ ٹیمیں منٰی، مزدلفہ اور عرفات جانے والی سڑکوں کی صفائی کررہی ہیں۔ وہاں موجود کباڑ ہٹا رہی ہیں۔ حج پر آنے والوں کو ماحول دوست نظام فراہم کرنے اور صحت عامہ کو نقصان پہنچانے والے مسائل سے نجات دلانے کی سکیمیں نافذ کی جا رہی ہیں اور جراثیم کش دواؤں کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔  

جراثیم کش دواؤں کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے۔  (فوٹو سبق)

سیکریٹری میئر مکہ انجینیئر محمد بن عبدالباسط باحارث نے کہا کہ حج سیزن 1443ھ کے آپریشنل پروگرام کا یہ بے حد اہم مرحلہ ہے۔ آئندہ مرحلے میں منٰیِ مزدلفہ اور عرفات کے ایک، ایک حصے کی مکمل صفائی ہوگی اور حج پر آنے والوں کی رہائش کے لیے ماحول سازگار بنایا جائے گا۔  
مکہ میونسپلٹی نے بتایا کہ کچرا جمع کرنے کے لیے 1379  کچرا کمپریسر بکس مہیا کیے گئے ہیں۔ 138 زمینی  کچرا ٹینک تیار کیے گئے ہیں۔ حج ایام میں یہاں عارضی طور پر کچرا جمع ہوگا اور حج موسم ختم ہوتے ہی  یہاں سے منتقل کردیا جائے گا۔ حج کے دنوں میں منٰی، مزدلفہ اور عرفات سے کچرا منتقل کرنا ممکن نہیں ہوتا۔  
مکہ میونسپلٹی نے 9 بڑے کمپریسر ٹرالر کا بندوبست کیا ہے جبکہ مختلف سائز اور استعمال کی  530 مشینیں مہیا کی گئی ہیں۔  علاوہ ازیں 65 ہزار بڑے کچرا دان مہیا کیے گئے ہیں۔   
میونسپلٹی نے منٰی، عرفات اور مزدلفہ میں مختلف اوقات میں کچرا کمپریسربکس کا انتظام کیا ہے۔ کمپریسر بکس کے لیے جگہوں کا انتخاب باقاعدہ سروے کے ذریعے کیا گیا ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: