Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر بمباری

غزہ کا ساحلی علاقہ2007 سے اسرائیلی ناکہ بندی کی زد میں ہے۔ فوٹو عرب نیوز
اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں حماس کے فوجی ٹھکانوں کو ہفتے کے روز ایک مرتبہ پھر نشانہ بنایا  ہے، اسرائیلی فوج  کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حماس کے زیر انتظام فلسطینی  علاقے سے راکٹ فائر کیے گئے تھے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کچھ  دیر پہلے ہونے والے  راکٹ حملے کے جواب میں اسرائیلی فوجی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں حماس کے متعدد  ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حماس کی جانب سے جنوبی اسرائیل میں اسرائیلی شہریوں کی جانب داغے گئے  راکٹ کو  اسرائیل کے فضائی دفاع نے روک دیا تھا۔
فوجی بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے حماس کی ایک فوجی چوکی کے اندر ہتھیاروں کی تیاری کے مقام  اور حماس کی مزید تین چوکیوں کو  بھی نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی طیاروں کے اس حملے کے بعد  ہوا میں آگ کا گولہ نمودار ہوا  جس کے بعد  علاقے میں گہرے  دھوئیں کے بادل چھا گئے۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا  ہےکہ غزہ شہر کے جنوب مشرق میں فضائی حملے گذشتہ روز جمعہ کو تین فلسطینی شہریوں کی ہلاکت کے بعد بیت المقدس اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی سرزمین کے خلاف جارحیت  میں اضافہ ہے۔
واضح رہے کہ اسی طرح کے ایک اور واقع میں  مغربی کنارے  کے شمالی علاقے میں   واقع جنین شہر  میں قائم فلسطینی کیمپ میں اسرائیلی فوج کے چھاپوں کے دوران بارہ فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں ۔

گذشتہ سال اسرائیل اور حماس کے درمیان11روزہ جھڑپیں ہوئی تھیں۔ فوٹو عرب نیوز

فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا نے بتایا کہ  گذشتہ روز جمعہ کو  اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں کی گاڑی پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ جنین کیمپ میں ہتھیاروں کی تلاش کے آپریشن کے دوران یہ تینوں افراد فائرنگ کی زد میں آ گئے تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک حماس کا کمانڈر تھا، جس کے بعد حماس گروپ نے فلسطینیوں کی ان ہلاکتوں کے بدلے میں سزا کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
حماس کے ترجمان نے ہفتہ کے روز  اسرائیلی طیاروں کے حملے میں  کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی۔
قبل ازیں جنوبی اسرائیل کے شہر اشکیلون اور غزہ کی ناکہ بندی کے قریبی علاقوں میں اسرائیلی طیاروں نے  فضائی حملے کے سائرن بجائے تھے۔

 اسرائیلی طیاروں کے حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ فوٹو ٹوئٹر

اپریل میں بھی فلسطینی مسلح گروپوں کی جانب سےعلاقے سے راکٹ فائر کرنے کے بعد اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ 2.3 ملین نفوس پر مشتمل حماس کے زیرکنٹرول غزہ کا ساحلی علاقہ 2007 سے اسرائیلی ناکہ بندی کی زد میں ہے۔
گذشتہ سال اسرائیل اور حماس کے درمیان11روزہ جھڑپیں ہوئی تھیں جس کی وجہ مسجد اقصیٰ کے احاطےمیں ہونے والی بدامنی بتائی گئی تھی۔
اسرائیل نے1967میں چھ روزمسلسل جنگ کے بعد مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس کے علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد اسرائیل نے مشرقی بیت القدس کو بھی زیر قبضہ علاقے میں ضم کر لیا جسے بین الاقوامی برادری نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔
 

شیئر: