Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فوج کا مغربی کنارے میں آپریشن، تین فلسطینی ہلاک

واقعے کے بعد جینن کے رہائشیوں نے اسرائیل کے خلاف شدید احتجاج کیا (فوٹو: اے ایف پی)
فلسطین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے جمعے کی صبح مغربی کنارے میں ایک آپریشن کے دوران تین فلسطینوں کو ہلاک اور آٹھ کو زخمی کر دیا ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ہلاکتیں کیسے ہوئیں تاہم فلسطین کی میڈیا رپورٹس میں عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شمالی حصے میں واقع جینن کے علاقے میں ایک کار پر فائرنگ کی، جس سے اس میں سوار تین افراد ہلاک ہوئے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں واقعے سے قبل فائرنگ کے تبادلے کی شدید آوازیں سنی جا سکتی ہیں جبکہ بعد کے مناظر میں گولیوں سے چھلنی گاڑی کو دیکھا جا سکتا ہے، جس پر خون کے دھبے بھی لگے ہیں اور مقامی لوگ اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔
واقعے کے حوالے سے فوری طور پر اسرائیلی فوج کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ تر چھاپے جینن کے علاقے میں مارے گئے، جہاں کئی ایسے فلسطینی رہائش پذیر ہیں جنہوں نے حملوں میں حصہ لیا۔ ان حملوں میں کم سے کم 19 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے۔
جب مرنے والے تینوں افراد کی لاشیں جینن ہسپتال پہنچائی گئیں تو سینکڑوں کی تعداد میں رہائشی وہاں جمع ہو گئے اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔

شیئر: