Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نواز شریف اور نجم سیٹھی دو ہزار روپے لے کر دنیا کے سفر پر روانہ‘

سابق وزیراعظم نواز شریف نومبر 2019 سے لندن میں مقیم ہیں۔ (تصویر: حنا پرویز بٹ/ٹوئٹر)
پاکستانی سوشل میڈیا پر صارفین گذشتہ روز پیر سے ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی ایک تصویر پر گفتگو و بحث کررہے ہیں جس کی وجہ اس تصویر کا سیاسی ہونا ہے۔
یہ تصویر برطانیہ کی ہے جس میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور صحافی و تجزیہ نگار نجم سیٹھی کو ایک کشتی میں بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
غالباً یہ تصویر برطانوی شہر کیمبرج کی کسی جھیل میں لی گئی ہے اور تصویر میں نواز شریف اور نجم سیٹھی ٹو پیس سوٹ زیب تن کیے ہوئے ہیں۔
اس تصویر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے تعریف، مزاح اور تنقید کا جیسے میلہ لگالیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے حامی اپنے قائد کی تعریفیں جبکہ ان کے ناقدین ان پر تنقید کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ کچھ ایسے صارفین بھی ہیں جو سابق وزیراعظم کے لباس اور چہرے پر لگے ماسک پر تبصرے کررہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے بھی یہ تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی اور لکھا ’جلانے کے لیے ماچس کی ضرورت نہیں، یہ تصویر ہی کافی ہے۔‘
اس ٹویٹ میں ان کا اشارہ یقیناً نواز شریف کے ناقدین کی طرف تھا۔
فراح خان نامی صارف نے نجم سیٹھی اور نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللہ پاک ایسے ہی خوش رکھے‘۔
واضح رہے سابق وزیراعظم نومبر 2019 میں علاج کی غرض سے لندن گئے تھے اور اب تک وہیں رہائش پزیر ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن سفینہ الٰہی نے اس کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’نجم سیٹھی بہت بیمار اور اورڈریسڈ نواز شریف کے ساتھ ہسپتال جارہے ہیں جہاں نواز شریف کو درست طریقے سے ماسک پہننے کی ٹریننگ بھی دی جائے گی۔‘
متعدد صارفین کی ٹویٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ سابق وزیراعظم کے ملبوسات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ ایسی ہی ایک صارف مہوش بھٹی بھی ہیں جنہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ’میاں صاحب اپنے مفلر اور بیڈشیٹ کا سیٹ ساتھ لے کر گئے تھے۔‘
تصویر میں نواز شریف نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جو ماسک پہن رکھا ہے وہ ان کی ناک سے تھوڑا نیچے ہے۔
پاکستانی وکیل عبدالمعیز جعفری نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’میں نے کبھی میاں صاحب کو ماسک درست طریقے سے پہنے نہیں دیکھا باوجود اس کے کہ میں انہیں ہمیشہ ماسک پہنے ہوئے دیکھتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید لکھا ’شاید وہ کچھ مہینوں میں اچانک ماسک اتاردیں گے اور بہترین مونچھوں منکشف ہوں گی۔‘
ایک اور صارف ملک علی رضا نے لکھا کہ ’نواز شریف اور نجم سیٹھی 2000 روپے حکومتی امداد لے کر کشتی پر  دنیا کے سفر کے لیے روانہ ہوگئے۔‘

کچھ صارفین ایسے بھی ہیں جنہیں شاید نجم سیٹھی اور سابق وزیراعظم کسی اچھی جھیل میں بیٹھے پسند نہیں آئے۔ اس کا حل انہوں نے یہ نکالا کہ وہ فوراً فوٹوشاپ کھولا اور دونوں حضرات کو خوبصورت جھیل سے اٹھا کر کچرے میں لے آئے۔
خیال رہے نجم سیٹھی سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں اور ان ہی کے دور میں سب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پہلی مرتبہ انعقاد ہوا تھا۔

شیئر: