Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک دن میں سب سے زیادہ پیسے جمع

سٹیٹ بینک کے مطابق ’سمندر پار پاکستانی اب تک کل ساڑھے چار ارب ڈالر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں جمع کروا چکے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے مرکزی بینک (سٹیٹ بینک) نے اعلان کیا ہے کہ منگل کو اوورسیز پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی مد میں 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ رقم جمع کروائی۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جمعے کو ٹوئٹر پر اعلان کیا گیا کہ ’سمندر پار پاکستانی اب تک کل ساڑھے چار ارب ڈالر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں جمع کروا چکے ہیں۔‘
بینک کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد اور عزم پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔
سابق حکومت نے ستمبر 2020 میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سکیم کا افتتاح کیا تھا جس کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے سرمائے کو ملک میں لانے کے لیے مراعات کا اعلان کیا گیا تھا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق سکیم سمندر پار پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان کے بینکاری اور ادائیگیوں کے نظام سے مکمل طور پر منسلک ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
اس کے تحت سمندر پار پاکستانی، پاکستان میں یا کسی سفارت خانے اور قونصلیٹ میں موجودگی کی شرط کے بغیر اپنا اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں اور اس اکاؤنٹ کے ذریعے انھیں ملک میں بینکاری خدمات اور پرکشش سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔
ان مواقع میں حکومت کی طرف سے متعارف ہونے والے ’نیا پاکستان سرٹیفیکیٹس‘ کے علاوہ سٹاک مارکیٹ اور ریئل اسٹیٹ بھی شامل ہیں۔
ان کھاتوں کے فنڈز مکمل طور پر قابل منتقلی ہوتے ہیں اور انھیں سٹیٹ بینک سے کسی پیشگی منظوری کے بغیر پاکستان سے واپس بھجوایا جا سکتا ہے۔

شیئر: