Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین سے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر موصول،’اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے‘

چین سے قرض کے معاہدے کے بعد انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی (فائل فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے دو ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرض سٹیٹ بینک کو مل گیا ہے۔
جمعے کو ایک ٹویٹ میں مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ ’یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ چین کے کنسورشیم کا دو ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرض سٹیٹ بینک پاکستان کے اکاؤنٹ میں کریڈٹ ہو گیا ہے۔ اس سے ہمارے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے ہیں۔‘
پاکستان حالیہ عرصے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے باعث روپے کی قدر میں تیزی سے گراوٹ ک بحران کا شکار رہا ہے۔
بدھ کو وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ ’چین کے کنسورشیم بینکوں نے پاکستان کو 2 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’پاکستان کی جانب سے معاہدے پر منگل کے روز دستخط کیے گئے تھے، توقع ہے کہ چند روز میں یہ رقم موصول ہو جائے گی۔‘
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’ہم اس معاہدے میں سہولت کاری فراہم کرنے پر چین کی حکومت کے شکرگزار ہیں۔‘
چین سے قرض کے معاہدے کے بعد انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران ڈالر کی قدر میں 5 روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف سے معاملات طے پانے اور چین سے پیسے ملنے کی اطلاعات کی وجہ سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

شیئر: