Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں دو ماہ بعد پانچ روپے کی ریکارڈ کمی

جمعرات کو دوران ٹریڈنگ انٹربینک میں ڈالر 5 روپے 43 پیسے سستا ہو کر 206 روپے 50 پیسے کا ہو گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں 5 روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے پانے اور چین سے پیسے ملنے کی اطلاعات کی وجہ سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
ایکسچینچ کمپینیز آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے آئی ایف ایم سے معاملات طے پانے کی اطلاعات کے بعد مارکیٹ میں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ چین سے رقم پاکستان منتقل ہونے کی خبریں بھی گردش  کر رہی ہیں جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں بہتری رپورٹ کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ معاشی صورت حال کو بہتر کرنے کے لیے ابھی مزید سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
الفا بیٹا کور کے سی ای او خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری خوش آئند ہے۔ لیکن حکومت کو اپنے اخراجات میں کمی اور امپورٹ بل کو مزید کم کرنے کی ضرورت ہے۔ روپے کو مستحکم رکھنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو دوران ٹریڈنگ انٹربینک میں ڈالر 5 روپے 43 پیسے سستا ہو کر 206 روپے 50 پیسے کا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 4 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 209 روپے پر ٹریڈ ہو  رہا ہے۔ دو دن کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ساڑھے6 روپے کم ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ایسا دو ماہ بعد ہوا ہے کہ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں سب سے زیادہ کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔  کل 22 جون کو ڈالر 211 روپے 93  پیسے پر بند ہوا تھا۔

شیئر: