Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نریندر مودی کا دورہ امارات، شیخ محمد بن زاید سے ملاقات

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے انڈیا کے وزیراعظم نریندرمودی کا ابوظبی پہنچنے پر استقبال کیا ہے۔ 
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام  کے مطابق شیخ محمد بن زاید اور نریندرمودی نے ملاقات میں مکمل سٹراٹیجک شراکت اور اقتصادی شراکت کے تناظر میں دونوں ملکوں کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ 
دونوں ملکوں کے دوست عوام کی فلاح و بہبود کی تکمیل میں معاون طریقوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔ 

نریندرمودی نے شیخ خلیفہ بن زاید کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا(فوٹو وام)

نریندرمودی نے شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی وفات پر امارات کے صدر اورعوام سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ’ شیخ خلیفہ بن زاید کی انسانیت نوازی اور ان کےعہد میں ہر سطح پر انڈیا کے ساتھ تعلقات میں بہتری کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا‘۔  
نریندر مودی نے شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو متحدہ عرب امارات کا صدر بننے پر مبارکباد دی اوراس خواہش کا اظہار کیا کہ’ آپ کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے۔ دونوں ملکوں کے تعلقات میں مختلف شعبوں میں مزید بہتری آئے‘۔
شیخ محمد بن زاید نے نیک خواہشات کے اظہار پر وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ’ اپنے دوست ملک انڈیا کی پائدار ترقی و خوشحالی کے آرزو مند ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’امارات اور انڈیا کے سٹراٹیجک تعلقات تسلی بخش ہیں۔ فریقین باہمی تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک لے جانے کی خواہش رکھتے ہیں‘۔ 
شیخ محمد بن زاید نےاس موقع پر متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی کے سفر میں انڈین کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’انڈین کمیونٹی دونوں ملکوں کے اقتصادی و ثقافتی رشتوں کے استحکام اور دونوں دوست ملکوں کے عوام کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں قابل قدر کردار ادا کررہی ہے‘۔
اس موقع پر قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید آل نہیان، نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زایدآل نہیان، رکن مجلس عاملہ شیخ حامد بن زاید آل نہیان، وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان، شیخ حمدان بن محمد بن زاید آل نہیان، مشیر نجی امور برائے ایوان صدارت شیخ محمد بن حمد بن طحنون آل نہیان، متعدد وزرا، اعلی عہدیدار اور انڈین وزیراعظم کے ہمراہ وفد  بھی موجود تھا۔ 

شیئر: