Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مون سون کا آغاز آج سے، کہاں کہاں بادل برسیں گے؟

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج رات سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں شدید گرمی کی لہر کے بعد مون سون کی بارشیں آج سے شروع ہو رہی ہیں اور ان کا ملک کے بیشتر حصوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اسلام آباد مرکز کے فورکاسٹ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار محمد ایاز نے اردو نیوز کو بتایا کہ آج رات سے اسلام آباد میں بارش شروع ہو جائے گی اور اگلے تین چار روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
جب ان سے ملک کے دیگر حصوں کے موسم کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ’لاہور، سرگودھا اور فیصل آباد سے لے کر بہاولنگر تک بارشیں ہوں گی۔‘
خیبرپختونخوا کے موسم کی صورت حال کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس کے بالائی علاقوں میں بارشیں ہوں گی جبکہ صوبہ سندھ کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہو گی۔
کراچی کے موسم کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہاں بھی بارش ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ کشمیر کے وہ حصے جو پنجاب کے ساتھ لگتے ہیں وہاں پر بھی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
طغیانی کے خدشات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے مشرقی حصے کے شہروں میں ایسی صورت حال پیدا ہونے کا امکان ہو سکتا ہے جبکہ کشمیر کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کے خدشات بھی موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے کچھ شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

علاوہ ازیں نیشل ویدر فورکاسٹنگ سینٹر اسلام آباد کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق آج دن کے وقت زیادہ تر حصوں میں موسم گرم رہے گا تاہم رات کے وقت کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور صوبہ سندھ کے ساحلی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
 

بعض علاقوں میں آندھی کی بھی پیشن گوئی کی گئی ہے (ٖفوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے منگل کو محکمہ موسمیات کی جانب سے رواں سال بارشیں زیادہ ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی اور اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔
پیش گوئی میں یہ بھی  بتایا گیا تھا کہ ’اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، فیصل آباد اور کراچی کے نشبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔‘
پری مون بارشوں کے سلسلے کے بعد محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ 30 جون کو مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
ملک میں داخل ہونے والی مرطوب ہواؤں کے نتیجے میں یکم سے 5 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد کے علاوہ کراچی، حیدر آباد ٹھٹھہ، بدین، ژوب، زیارت بارکھان، لورالائی، کوئٹہ قلات، خضدار، لسبیلہ  اور نصیر آباد میں بارشیں ہوں گی۔

شیئر: