Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حیدرآباد انڈیا میں بھائی کا بہن کو شادی کے دن ’والد کا تحفہ‘

مجسمہ اس قدر مکمل تھا کہ ایسا لگا کہ خاندان کا سربراہ شادی کی تقریب میں مرکزی نشست پر ہو۔ فوٹو: سکرین گریب
انڈیا میں ایک شخص نے اپنی بہن کی شادی پر آنجہانی والد کے مجسمے کو تقریب میں لا کر سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔
انڈیا کے اخبار اکنامک ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ حیدر آباد شہر میں پیش آیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
حیدر آباد کے رہائشی اوولا پھنی چاہتے تھے کہ شادی کے دن اُن کی بہن کو والد کی کمی محسوس نہ ہو جس کے لیے وہ اُن کا انسانی جسامت کا مجسمہ لے کر آئے۔
ایک انٹرویو میں اوولا پھنی نے بتایا کہ ان کے والد اوولا سبرامنیم کا انتقال کورونا کے باعث ہوا تھا۔ ’آخری دنوں میں والد سے بات نہیں کر سکا تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’والد کی موت خاندان کے لیے ناقابل برداشت صدمہ تھا اس لیے فیصلہ کیا کہ بہن کو شادی کے دن سرپرائز دوں گا۔‘
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ اوولا پھنی کی بہن سائی ویشناوی اور اُن کی والدہ مجسمے کو دیکھ کر نہایت خوش ہیں۔
مجسمہ اس قدر مکمل تھا کہ ایسا لگا کہ خاندان کا سربراہ شادی کی تقریب میں مرکزی نشست پر ہو۔
بعد ازاں خاندان کے افراد شادی کی تقریب کے دوران دلہن کے والد کے مجسمے کے ساتھ تصاویر بناتے رہے۔
مجسمہ کرناٹک ریاست میں تیار کیا گیا اور اس کے مکمل ہونے میں ایک برس لگا۔ شادی کی تمام تقریبات میں مجسمے کو رکھا گیا۔
تقریب میں شریک مہمانوں نے مجسمے کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور دلہن نے محبت بھرے جذبات کے ساتھ والد کے مجسمے کو گلے لگایا اور ان کو چوما۔

شیئر: