Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کی پیشکش سے انکار پر مصری یونیورسٹی میں طالبہ کا قتل

طالبہ کو تشویش ناک حالت میں میں ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی (فوٹو: المصری الیوم)
مصر کی المنصورہ یونیورسٹی کے ایک طالب علم نے شادی کی پیشکش سے انکار کرنے پر اپنی ہم جماعت لڑکی کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا ہے۔
المصری الیوم کے مطابق یہ واقعہ پیر کو جامعہ المنصورہ کی فیکلٹی آف آرٹس کے سامنے پیش آیا جہاں لڑکے نے اپنی ہم جماعت لڑکی پر چاقو سے حملہ کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ نوجوان شعبہ آرٹ کے تیسرے سال کا طالب علم ہے۔ اس نے طالبہ پر اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنے المحلہ میں واقع گھر جانے کے لیے بس سٹاپ کی جانب بڑھ رہی تھی۔
جب وہاں موجود افراد نے اس نوجوان روکنے کی کوشش کی تو اس نے طالبہ کے گلے پر گہرا وار کر دیا جس کے بعد اسے سکیورٹی کے عملے اور راہ گیروں نے قابو کر لیا۔
عینی شاہد کے بقول حملہ کرنے والا نوجوان اس لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا۔ جب لڑکی نے انکار کیا تو اس شخص نے اس سے انتقام لینے کا فیصلہ کیا جبکہ اس سے قبل وہ لڑکی کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دے چکا تھا۔
اس واقعے میں شدید زخمی ہو جانے والی طالبہ کو تشویش ناک حالت میں میں ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔
دوسری جانب وہاں موجود افراد نے حملہ کرنے والے شخص کو پکڑ کا تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔

شیئر: