Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان کے ضلع آواران میں باراتیوں کی گاڑی الٹنے سے تین ہلاک، 26 زخمی

بلوچستان میں سڑکوں کی خستہ حالت کے باعث اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ فوٹو: آواران لیویز
صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران  میں باراتیوں کی گاڑی الٹنے سے تین افراد ہلاک جبکہ 26 زخمی ہو گئے۔
سنیچر کو لیویز تھانہ آواران کے انچارج نے بتایا کہ آواران کے علاقے بزداد سے مالار جانے والی پک اپ گاڑی ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
تھانہ انچارج کے مطابق گاڑی میں باراتی سوار تھے جن میں سے تین موقع پر ہلاک جبکہ 26 زخمی ہو گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین اور ایک مرد شامل ہے جبکہ زخمیوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔
لیویز تھانہ کے انچارج نے بتایا کہ زخمیوں کو سول ہسپتال آواران منتقل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثہ دن 11 بجے کے لگ بھگ پیش آیا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں محبت ولد کریم نواز، ماہ جان بنت لال بخش اور خدیجہ بنت بشارت علی شامل ہیں۔
ہسپتال لائے جانے والے زخمیوں میں امیر بخش ولد نوشاد، پذیر احمد، حفاظ الله ولد فضل، صائب، شہناز، شمسہ، صبرینہ، مہراللہ، آمنہ اور گل نسا شامل ہیں۔
بلوچستان میں سڑکوں کی خستہ حالت کے باعث اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں جبکہ گاڑیوں کی فٹنس کو دیکھنے والی اتھارٹی کی غفلت کی وجہ سے بھی شہری ٹریفک حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
بلوچستان میں گزشتہ ماہ ایک ٹریفک حادثے میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

شیئر: