Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل کا بحیرہ روم میں حزب اللہ کے ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ہر خطرے اور ہر دشمن کے خلاف اپنے طاقت کو استعمال کرنا جانتا ہے۔ (فوٹو: اے پی)
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحیرہ روم میں لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کے ڈرونز مار گرائے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ ڈرونز بحیرہ روم میں اس جانب بڑھ رہے تھے جہاں حال ہی میں اسرائیل نے گیس پلیٹ فارم کو نصب کیا ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے ڈرونز بھیجنے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان سمندری سرحد پر امریکی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے۔ یہ علاقہ قدرتی گیس سے مالا مال ہے۔
ایک بیان میں اسرائیل کے نگراں وزیراعظم یائر لیپڈ نے کہا ہے کہ اس سے واضح خطرہ نہیں تھا تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ہمارا امتحان نہ لیں۔
’میں اس وقت آپ کے سامنے کھڑا ہوں اور جو ہمارا خاتمہ چاہتے ہیں، غزہ سے لر کر تہران تک، لبنان کے ساحلوں سے لے کر شام تک: ہمارا امتحان نہ لیں۔‘
انہوں نے جمعے کو عہدہ سنبھالنے کے بعد قوم سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل ہر خطرے اور ہر دشمن کے خلاف اپنے طاقت کو استعمال کرنا جانتا ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں اسرائیل نے کاریش فیلڈ میں گیس پلیٹ فارم قائم کیا تھا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ اس کے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اقتصادی پانیوں کے ایک حصے میں واقع ہے۔ لبنان کا دعویٰ ہے کہ یہ متنازع پانیوں میں ہے۔
حزب اللہ نے ایک مختصر بیان جاری کیا ہے جس میں جاسوسی مشن پر متنازع پانیوں میں تین ڈرون بھیجنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
’مشن مکمل ہو گیا اور پیغام بھی موصول ہوا۔‘
اسرائیل اور حزب اللہ ایک دوسرے کے سخت ترین دشمن ہیں۔ دونوں نے 2006  میں ایک ماہ کی طویل جنگ لڑی تھی۔
اسرائیل ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ کو سنگین خطرہ سمجھتا ہے اور اس کے اندازے کے مطابق حزب اللہ کے پاس اسرائیل کو نشانہ بنانے کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار راکٹ اور میزائل ہیں۔

شیئر: