حکومت نے ایئر لائن کمپنیوں کو پاکستان سے بین الاقوامی سفر کرنے والے ان مسافروں سے 50 ہزار روپے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کرنے سے روک دیا ہے جنھوں نے اپنے ٹکٹ یکم جولائی سے پہلے خریدے تھے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے یکم جولائی 2022 سے پہلے خریدے جانے والے انٹرنیشنل ایئر ٹکٹوں کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ ان پر نئی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا اطلاق نہیں ہو گا۔
مزید پڑھیں
-
ٹیکس سلیب میں تبدیلیاں، اب آپ کی تنخواہ سے کتنی کٹوتی ہو گی؟Node ID: 681031
-
پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی عائد، انکم ٹیکس ریلیف واپسNode ID: 681661
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ فنانس بل 2022 کے تحت کلب، بزنس اور فرسٹ کلاس انٹرنیشنل ہوائی ٹکٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ فیڈرل ایکسائز رولز 2005 کے رول 41A کے سب سیکشن آٹھ کے تحت فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی انٹرنیشنل ہوائی ٹکٹ کے اجرا کے وقت ہی وصول کی جائے گی۔
واضح رہے کہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کے سیکشن تھری کے تحت کلب، بزنس اور فرسٹ کلاس انٹرنیشنل ہوائی ٹکٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی وصول کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ بعض مسافروں کی جانب سے یہ شکایت سامنے آئی تھی کہ یکم اور دو جولائی کو ایئرپورٹ پہنچنے پر ان کے ٹکٹ پر اضافی 50 ہزار روپے وصول کیے گئے اور کہا گیا کہ حکومت نے فنانس بل کے ذریعے اس میں اضافہ کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر مسافروں سے 50 ہزار تک فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
