چینی فوجیوں کو تربیت دینے والا امریکی فضائیہ کا سابق جنگی پائلٹ گرفتار
جمعرات 26 فروری 2026 14:31
امریکی حکام کے مطابق ’جیرالڈ براؤن نے بغیر اجازت چینی فضائیہ کے اہلکاروں کو تربیت دی‘ (فائل فوٹو: اے پی)
امریکی فضائیہ کے ایک سابق جنگی پائلٹ کو مبینہ طور پر بغیر اجازت چینی فوجی اہلکاروں کو تربیت دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ 65 برس کے جیرالڈ براؤن کو ریاست انڈیانا سے گرفتار کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فضائیہ کے سابق پائلٹ حال ہی میں چین سے واپس امریکہ آئے ہیں جہاں وہ 2023 سے مقیم تھے۔
اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر ملکی شہریوں کے ساتھ مل کر چینی فضائیہ کے پائلٹس کو جنگی طیاروں کی تربیت فراہم کی، اور اس کے لیے امریکی محکمۂ خارجہ سے ضروری اجازت نامہ بھی حاصل نہیں کیا۔
جیرالڈ براؤن نے امریکی فضائیہ میں 24 برس تک خدمات انجام دیں، اور اس دوران انہوں نے حساس یونٹس کی کمان کی جو جوہری ہتھیاروں کی ترسیل کے نظام کی ذمہ دار تھیں، جنگی مشنز کی قیادت کی، اور فائٹر پائلٹ انسٹرکٹر کے طور پر کام کیا۔
وہ 1996 میں فوج سے ریٹائر ہوئے اور کارگو پائلٹ کے طور پر کام کیا۔ بعدازاں انہوں نے بطور دفاعی کنٹریکٹر اے 10 اور جدید ایف 35 لڑاکا طیاروں کی تربیت بھی دی۔
انہوں نے مبینہ طور پر اگست 2023 میں ایک چینی شہری سٹیفن سو بن کے ساتھ ایک معاہدے پر بات چیت شروع کی تھی جنہیں امریکہ میں جاسوسی کرنے کے الزام میں چار سال قید کی سزا ہوئی تھی۔
ایف بی آئی کے کاؤنٹر انٹیلی جنس ڈویژن کے اعلٰی عہدے دار رومن روزیوسکی کا کہنا ہے کہ ’چینی حکومت امریکی مسلح افواج کے موجودہ اور سابق ارکان کی مہارت سے فائدہ اٹھا کر اپنی فوجی صلاحیتوں کو جدید بنا رہی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ گرفتاری ایک تنبیہہ ہے کہ جو بھی امریکہ کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے دُشمنوں سے تعاون کرے گا، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
