Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں ملا عمر کی زمین میں چھپائی گئی گاڑی نکال لی گئی

طالبان نے ملا عمر کی موت کی تصدیق جولائی 2015 میں کی تھی۔ (تصویر: محمد جلال/ٹوئٹر)
افغان طالبان کے بانی ملا محمد عمر کی زیر استعمال گاڑی جسے چھپانے کے غرض سے مٹی میں دبادیا گیا تھا اسے نکال لیا گیا ہے۔
صوبہ زابل کے ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ کلچر رحمت اللہ حماد نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو گاڑی کے بارے میں بتایا کہ’ یہ اب بھی اچھی حالت میں ہے۔ صرف اس کے اگلے حصے کو تھوڑا نقصان پہنچا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ’ طالبان چاہتے ہیں کہ اس گاڑی کو عظیم تاریخی یادگار کے طور پر کابل کے عجائب گھر میں رکھا جائے۔‘
افغانستان میں طالبان حکومت سے منسلک ایک عہدیدار محمد جلال نے منگل کو ایک ٹویٹ میں چار تصاویر شیئر کیں اور بتایا کہ یہ گاڑی ان کے بانی رہنما ملا عمر کے زیر استعمال رہی ہے۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ٹویوٹا ویگن جو امارات اسلامیہ افغانستان کے بانی مرحوم ملا محمد مجاہد کی تھی اسے (زمین) کھود کر نکال لیا گیا ہے اور اسے صاف کیا جائے گا۔‘
محمد جلال نے مزید لکھا کہ ’یہ ٹویوٹا ویگن مرحوم امیر امریکی حملے کی شروعات کے دوران قندہار سے زابل کے سفر کے لیے استعمال کیا کرتے تھے۔‘
محمد جلال کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ ویگن افغانستان میں کس مقام پر اور کب زمین میں کھدائی کرکے چھپائی گئی تھی۔ لیکن ان کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں پانچ افراد کو کھدائی کا سامان ہاتھ میں لیے گاڑی کے قریب بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے جولائی 2015 میں افغان طالبان کی جانب سے تصدیق کی گئی تھی کہ ملا عمر دو سال پہلے افغانستان میں طبعی موت مرچکے ہیں اور ان کی جگہ ملا اختر منصور کو افغان طالبان کا نیا سربراہ بنادیا گیا ہے۔
تاہم ملا اختر منصور مئی 2016 میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایک امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے اور ان کی جگہ طالبان کے موجودہ امیر ہبت اللہ اخندزادہ کو افغان طالبان کا نیا سربراہ بنایا گیا تھا۔

شیئر: