Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالیہ بھٹ کی فلم ’ڈارلنگز‘ کا شاہ رخ خان کو انتظار

عالیہ بھٹ اپنی پہلی ہالی وڈ فلم ’ہارٹ آف سٹون‘ کا ڈیبیو دیں گی۔ (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ عالیہ بھٹ کی نئی فلم ’ڈارلنگز‘ نیٹ فلیکس پر جلد ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
ڈارلنگز 5 اگست کو نیٹ فلیکس پر ریلیز ہوگی جبکہ منگل کو یوٹیوب پر فلم کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے۔
ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ فلم ایک چھوٹے سے محلے میں رہنے والی ماں اور بیٹی کی کہانی ہے جو کسی حمزہ نامی کردار کو تلاش کر رہی ہیں۔
ٹیزر میں ممبئی شہر کی سڑکیں اور حیرت میں ڈوبے کردار دکھائی دیتے ہیں۔
فلم میں عالیہ بھٹ، شفالی شاہ، وجے ورما اور روشن میتھیو مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ جسمیت کے رین فلم کی ڈائریکٹر ہیں۔
ڈارلنگز فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اسے شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے اپنی کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے سائے تلے پروڈیوس کیا ہے۔
بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ’مزاحیہ، تاریک، چالاک، مینڈک، بچھو اور اس سب سے اوپر شفالی شاہ اور عالیہ بھٹ۔ ڈارلنگز کو نیٹ فلیکس پر دیکھنے کے انتظار میں ہیں۔‘
خیال رہے کہ فلم ڈارلنگز کے علاوہ رواں سال میں عالیہ بھٹ اپنے شوہر رنبیر کپور کے ساتھ  فلم ’براہمسترا‘ میں نظر آئیں گی، جبکہ آئندہ سال 2023 میں عالیہ بھٹ کی دو فلمیں ’جی لے ذرا‘ اور ’راؤکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کی ریلیز متوقع ہے۔
عالیہ بھٹ پہلی مرتبہ ہالی وڈ کی فلم ’ہارٹ آف سٹون‘ میں مغربی اداکارہ گال گیڈٹ کے ساتھ نظر آئیں گی۔

شیئر: