انڈین مسافر طیارہ خرابی دور ہونے کے بعد کراچی سے دہلی پہنچ گیا
انڈین ایئرلائن سپائس جیٹ کا مسافر طیارہ خرابی دور ہونے کے بعد آج بدھ کی صبح کراچی ایئرپورٹ سے دہلی روانہ ہو گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے انجینیئرز نے جہاز کے انجن کی خرابی کو دور کیا جس کے بعد طیارہ بدھ کی صبح تین بج کر 25 منٹ پر دہلی روانہ ہوا۔
یاد رہے کہ منگل کی دوپہر کو انڈین ایئرلائن سپائس جیٹ کے مسافر طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان نے کہا تھا کہ انڈین طیارے بوئنگ 737 میں فنی خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا۔
ذرائع کے مطابق کپتان نے کراچی ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی درخواست کی تھی۔ اجازت ملنے پر انڈین طیارے نے سوا نو بجے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی۔
سپائس جیٹ کے ترجمان نے کہا تھا کہ انڈیکیٹر لائٹ میں خرابی کی وجہ سے دہلی سے دبئی جانے والی پرواز نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی۔
’طیارہ بحفظات کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا اور مسافروں کو بھی نکالا گیا۔ طیارے نے معمول کے مطابق لینڈنگ کی۔‘
انڈین میڈیا کے مطابق گزشتہ 15 دنوں کے اندر یہ سپائس جیٹ کی تیسری ایمرجنسی لینڈنگ ہے۔ 19 جون کو پٹنہ میں اس وقت ایمرجنسی لینڈنگ کی جب اس کی انجن میں آگ لگی۔ جہاز میں 185 مسافر سوار تھے۔
سنیچر کی صبح سپائس جیٹ کی پرواز ایس جی 2962 جبل پور شہر جا رہی تھی جب طیارے کے کیبن میں دھواں بھرنے سے اس کو دہلی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔