Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین مسافر طیارے میں دھواں بھر جانے کے بعد ہنگامی لینڈنگ

دھواں بھرنے کی وجہ سے مسافروں کو سانس میں دشواری ہو رہی تھی۔ (فوٹو: سکرین گریب)
انڈیا میں دوران پرواز ایک مسافر طیارے کے کیبن میں دھواں بھرنے کے بعد اس کو بحفاظت دہلی ایئرپورٹ پر واپس اتار لیا گیا۔
انڈین نیوز ایجنسی این این آئی کے مطابق سنیچر کی صبح سپائس جیٹ کی پرواز ایس جی 2962 جبل پور شہر جا رہی تھی جب پانچ ہزار فٹ کی بلندی پر طیارے کے عملے نے کیبن میں دھواں دیکھا۔
سپائس جیٹ کے ترجمان نے بتایا کہ کیبن میں دھواں دیکھنے کے بعد پائلٹ نے دہلی ایئرپورٹ اترنے کا فیصلہ کیا۔
’پرواز دہلی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتری اور مسافروں کو بھی بحفاظت نکالا گیا۔‘
دہلی ایئرپورٹ سے سپائس جیٹ نے صبح چھ بج کر 15 منٹ پر اڑان بھری اور پھر سات بجے واپس اتر گیا۔
ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز میں دھواں ہے اور مسافر کاغذ جھول کر دھویں سے محفوظ رہنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سوراب چھابڑا جو جہاز میں بیٹھے ہوئے تھے، نے اے این آئی کو بتایا کہ ’جہاز کے اڑان بھرنے کے فوراً بعد طیارے میں افراتفری تھی کیونکہ مسافروں کو سانس لینا محال ہو رہا تھا۔‘
انہوں نے ٹویٹ بھی کی اور کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ سپائس جیٹ غیرمحفوظ ہے۔‘
گزشتہ 15 دنوں کے اندر یہ سپائس جیٹ کی دوسری ایمرجنسی لینڈنگ ہے۔ 19 جون کو پٹنہ میں اس وقت ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی جب اس کے انجن میں آگ لگی۔ جہاز میں 185 مسافر سوار تھے۔

شیئر: