Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپیکر رولنگ کیس: صدر علوی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد عمران خان نیازی کی سیاست کا جنازہ نکل گیا ہے (فائل فوٹو: اے پی پی)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے جمعرات کو صدر مملکت عارف علوی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’سپیکر رولنگ کیس میں سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ تاریخی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ فیصلے کے مطابق صدر مملکت، اس وقت کے وزیراعظم، سپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی سپیکر نے آئین کے ساتھ فراڈ کیا۔
وزیر داخلہ کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صدر مملکت کو کم از کم اپنے عہدے سے مستعفی ہونا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد عمران خان نیازی کی سیاست کا جنازہ نکل گیا ہے۔
‘فیصلے سے ثابت ہوا کہ عمران خان اپنی سیاست کے لیے کسی بھی گھٹیا سطح تک جا سکتا ہے۔‘
’اس فیصلے نے آئین کی حکمرانی اور عوام کے حق حکمرانی کو تسلیم کیا۔‘ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئینی حکمرانی کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے اور اس حوالے سے کام شروع کردیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کابینہ سے عمران خان کو گرفتار کرنے کی اجازت طلب کر رکھی ہے۔ 

عمران خان اور صدر عارف علوی کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی قرارداد سینیٹ میں جمع

دوسری جانب پاکستان کے ایوان بالا سینیٹ میں تحریک انصاف کی قیادت بشمول سابق وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کے لیے قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔

قرارداد میں صدر عارف علوی اور عمران خان کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت سزا کا مطالبہ کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

قرارداد پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان نے جمعرات کے روز جمع کرائی۔
سینیٹر افنان اللہ نے قرارداد کی کاپی شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ ’میں نے سینیٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قرارداد جمع کرا دی ہے، جن لوگوں نے پاکستان کے آئین کے خلاف سازش کی ہے ان کو آرٹیکل چھ کے تحت سزا دینی چاہیے۔‘
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ سینیٹ فوری طور پر عمران خان، عارف علوی، قاسم سوری اور فواد چوہدری کے خلاف آرٹیکل چھ کی کارروائی شروع کرے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ’سپریم کورٹ نے حالیہ تاریخی فیصلے کے مطابق عمران خان، عارف علوی، قاسم سوری اور فواد چوہدری نے آئین سے تجاوز کیا۔‘
سینیٹر افنان اللہ نے حکومت پر زور دیا کہ صدرعارف علوی کے خلاف مواخذے کی تحریک شروع کرے کیونکہ وہ مبینہ غدار ہیں اور انہیں صدارت کی کرسی پر نہیں بیٹھنا چاہیے۔

شیئر: