Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایف بی آر کی نئی کسٹمز ویلیوایشن، کون سے موبائل فون سستے اور کون سے مہنگے؟

استعمال شدہ آئی فون 15 پرو میکس کی ویلیو 460، جبکہ 14 پرو میکس کی کسٹمز ویلیو 360 ڈالر مقرر کی گئی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
ایف بی آر نے بیرونِ ملک سے منگوائے جانے والے استعمال شدہ موبائل فونز کے لیے نئی کسٹمز ویلیوایشن جاری کی ہے جس کے تحت ایپل، سام سنگ اور گوگل پکسل کے پُرانے ماڈلز کی کسٹمز ویلیو میں کمی جبکہ نئے یا زیادہ مقبول ماڈلز کی ویلیو میں اضافہ کیا گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کے زیرِانتظام ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی کی جانب سے ایپل، سام سنگ اور گوگل پکسل کے 62 موبائل فونز کے مجموعی طور پر 62 مختلف ماڈلز کے لیے نئی کسٹمز ویلیو مقرر کی گئی ہے۔
کسٹمز رولنگ کے مطابق نئی ویلیوایشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگی، اور اب بیرونِ ملک سے آنے والے استعمال شدہ موبائل فونز کی کسٹمز ویلیو اسی رولنگ کے مطابق طے کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کسٹمز ویلیو اس سرکاری قیمت کو کہتے ہیں جس کے مطابق درآمد شدہ اشیا پر ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسز لگائے جاتے ہیں۔
مثال کے طور پر آپ اگر بیرونِ ملک سے استعمال شدہ آئی فون 150 ڈالر میں خرید رہے ہیں، لیکن اس کی کسٹمز ویلیو 200 ڈالر مقرر ہے، تو ڈیوٹی اور ٹیکس 200 ڈالر کے حساب سے ہی ادا کرنا ہوگا۔
ماہرین کے مطابق نئی کسٹمز ویلیوایشن کے اثرات مارکیٹ پر بھی پڑیں گے۔وہ موبائل فونز جن کی کسٹمز ویلیو کم کی گئی ہے، صارفین کے لیے نسبتاً سستے ہو سکتے ہیں، جبکہ وہ ماڈلز جن کی ویلیو بڑھائی گئی ہے، اُن کی قیمتیں مقامی مارکیٹ میں بڑھنے کا امکان ہے۔
کسٹمز ویلیوایشن میں مزید کیا بتایا گیا ہے؟
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن (کراچی) کے مطابق پُرانے اور استعمال شدہ برینڈڈ موبائل فونز کی درآمدات کے لیے نئی کسٹمز ویلیوز طے کی گئی ہیں، جن کا اطلاق 62 ماڈلز پر ہوگا۔
اس سلسلے میں ویلیوایشن رولنگ نمبر 2035/2026 جاری کی گئی ہے۔ نئی کسٹمز ویلیوز کا اطلاق پُرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز (بغیر کسی پیکنگ اور لوازمات) کی تجارتی مقدار میں درآمد پر ہوگا۔
کسٹمز رولنگ کے مطابق گذشتہ ویلیوایشن قریباً ڈیڑھ سال پرانی ہو چکی تھی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی موجودہ صورتِ حال کی دُرست عکاسی نہیں کر رہی تھی۔

ایف بی آر کے مطابق ’درآمد ہونے والے استعمال شدہ موبائل فونز کم سے کم چھ ماہ قبل ایکٹیویٹ کیے گئے ہوں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

نئی کسٹمز ویلیو مرتب کرتے وقت موجودہ مارکیٹ کے رُجحانات، درآمدی ڈیٹا اور بین الاقوامی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں فہرست میں شامل کئی پُرانے ماڈلز اپنی اینڈ آف لائف تک پہنچ چکے ہیں، جس کے پیشِ نظر اُن کی قیمتوں میں کمی کو بھی مدِنظر رکھا گیا ہے۔
’درآمد ہونے والے موبائل فون کم سے کم چھ ماہ پُرانے ہوں‘
ایف بی آر نے یہ شرط بھی رکھی ہے کہ پاکستان میں درآمد ہونے والے استعمال شدہ موبائل فونز کم سے کم چھ ماہ قبل ایکٹیویٹ کیے گئے ہوں۔‘
’درآمد کنندگان موبائل فون کی ایکٹیویشن اپنی طرف سے کریں گے، جس کی تصدیق متعلقہ کلیکٹوریٹ کے اسیسنگ افسر کریں گے۔‘
ایپل، سام سنگ اور گوگل پکسل کے کون کون سے موبائل فون شامل ہیں؟
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں ایپل، سام سنگ، گوگل پکسل اور ون پلس کے مشہور اور استعمال شدہ موبائل فون ماڈلز شامل کیے گئے ہیں۔
نئی ویلیوایشن کے مطابق آئی فون 15، 14، 13، 12 اور 11 سیریز کے مختلف ماڈلز کے ساتھ ساتھ سام سنگ گلیکسی ایس 21، ایس 22 اور ایس 23 نوٹ سیریز، گوگل پکسل 9، 8، 7 اور ون پلس کے جدید فونز بھی فہرست کا حصہ ہیں جبکہ تینوں کمپنیوں کے پُرانے ماڈلز بھی شامل ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ ’نئی کسٹمز ویلیوایشن سے بعض موبائل فون سستے جبکہ کچھ مہنگے ہو جائیں گے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

کسٹمز رولنگ میں بتایا گیا ہے کہ ’نئی ویلیوایشن عالمی مارکیٹ میں قیمتوں، 90 روزہ درآمدی ڈیٹا اور مقامی مارکیٹ انکوائری کے بعد طے کی گئی ہے اور پُرانے ماڈلز کی کسٹمز ویلیو میں کمی جبکہ نسبتاً نئے اور مہنگے ماڈلز کی ویلیو برقرار یا زیادہ رکھی گئی ہے۔‘
ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اگر کسی موبائل فون کی انوائس ویلیو مقررہ کسٹم ویلیو سے زیادہ ہو تو اس صورت میں زیادہ ویلیو پر ہی ڈیوٹی اور ٹیکس وصول کیا جائے گا، نئی ویلیوایشن فوری طور پر نافذ العمل ہو گی۔
موبائل فونز کی کسٹمز ویلیو کیا مقرر ہوئی ہے؟
کسٹمز ویلیوایشن کی جاری کردہ نئی رولنگ میں ایپل، سام سنگ، گوگل پکسل اور ون پلس کے مشہور ماڈلز کی کسٹمز ویلیو مقرر کی گئی ہے۔
استعمال شدہ آئی فون 15 پرو میکس کی ویلیو 460، جبکہ 14 پرو میکس کی کسٹمز ویلیو 360 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
رولنگ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سام سنگ گلیکسی ایس 23 الٹرا کی کسٹمز ویلیو 255،گوگل پکسل پرو نائن پرو ایکس ایل کی 260 جبکہ ون پلس 12 کی 184 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
کسٹمز ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ ’یہ قیمتیں عالمی مارکیٹ، 90 روزہ امپورٹ ڈیٹا اور مقامی مارکیٹ انکوائری کی بنیاد پر طے کی گئی ہیں۔‘

ماہرین کا کہنا ہے کہ ’اس اقدام سے صارفین کو موبائل فون کی خریداری کے دوران بہتر رہنمائی ملے گی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ نئی کسٹمز ویلیوایشن کا مارکیٹ اور صارفین پر کیا اثر پڑے گا؟
 اردو نیوز نے اس بارے میں جاننے کے لیے اسلام آباد کی بلیو ایریا مارکیٹ میں موبائل فون کا کاروبار کرنے والے تاجر ریحان انجم سے رائے لی۔
اُنہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’نئی کسٹمز ویلیوایشن کے بعد پُرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی مقامی مارکیٹ میں قیمتوں پر واضح اثر پڑ سکتا ہے۔‘
ریحان انجم کا مزید کہنا تھا کہ ’جن ماڈلز کی کسٹمز ویلیو کم کی گئی ہے، وہ صارفین کو نسبتاً سستے دستیاب ہو سکتے ہیں، جبکہ جن کی ویلیو بڑھائی گئی ہے، مارکیٹ میں اُن کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے۔‘
اُن کے مطابق ’اس اقدام سے نہ صرف درآمد کنندگان کے لیے شفافیت بڑھے گی بلکہ صارفین کو خریداری کے دوران بہتر رہنمائی ملے گی اور قیمتوں کا دُرست تعین بھی ممکن ہوگا۔‘
اُنہوں نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے مزید بتایا کہ ’نئی ویلیوایشن سے درآمدات میں شفافیت بڑھے گی، انڈر انوائسنگ کم ہوگی اور ایف بی آر کا ریوینیو بھی بڑھے گا۔‘

شیئر: