Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ نے عمران خان کو جھوٹا اور آئین شکن قرار دے دیا: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ ’حکومت آنے والے دنوں میں ملک کے لیے اچھے فیصلے لائے گی‘ (فوٹو: سکرین گریب)
مریم نواز نے کہا ہے کہ ’سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں عمران خان کو نہ صرف جھوٹا بلکہ آئین شکن بھی قرار دے دیا ہے۔‘
جمعرات کو کلر سیداں راولپنڈی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’حکومت نے مشکل فیصلے دل پر بھاری پتھر رکھ کر کیے۔‘
’تحریک انصاف کی حکومت نے جو بارودی سرنگیں بچھائی تھیں ان کو مسلم لیگ ن نے اپنے ہاتھوں سے ایک ایک کرکے ہٹا دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آنے والے دنوں میں حکومت ملک کے لیے اچھے سے اچھے فیصلے لائے گی۔‘
مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ ’سپریم کورٹ نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کیس میں عمران خان کو جھوٹا بھی کہا اور آئین شکن بھی۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ’وہ حکومت سے کہنا چاہتی ہیں کہ اس معاملے کو یہی ختم نہ کریں بلکہ ان کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت آئین شکنی کا مقدمہ درج کرائیں۔‘
’سپریم کورٹ نے عمران خان کے سازش والے بیانے کو بھی اڑا کر رکھ دیا۔ عدالت نے نہ صرف عمران خان کے سازشی بیانیے کو رد کیا بلکہ ثاقب نثار کی جانب سے دیے گئے صادق اور امین کے سرٹیفیکیٹ کو بھی اڑا کر رکھ دیا۔‘
عمران خان کی جانب سے دھاندلی کی شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’دھاندلی تو نواز شریف کے ساتھ ہوئی جن کو نااہل کرکے جیل میں  ڈال دیا گیا۔
’نواز شریف کا ساتھ دینے کے جرم میں ان کی بیٹی کو پکڑ کر جیل میں ڈال دیا گیا اور ٹیلی ویژن پر ان کی تقریروں کو نشر کرنے پر پابندی عائد کی گئی۔‘
انہوں نے عمران خان کو دھاندلی کا موجد اور بانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ تو دندناتے پھر رہے ہیں اور جلسوں پر جلسے کر رہے ہیں۔‘

شیئر: