Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گال ٹیسٹ میں سری لنکا کی 333 رنز کی پہاڑ جیسی برتری

محمد نواز نے عمدہ بولنگ کی اور پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا ہے۔
گال میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے دوسری اننگز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنا لیے ہیں اور اس طرح اس کو دوسری اننگز میں پاکستان پر 333 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
دوسری اننگز میں سری لنکا کی جانب سے دنیش چندیمل 86 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے دوسری میں اننگز میں کوشل مینڈس نے 76 اور اوشادا فرنینڈو نے 64 رنز سکور کیے ہیں۔

دوسری اننگز میں دنیش چندیمل 86 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ یاسر شاہ نے تین اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
پاکستان نے اس سے پہلے 2015 میں پالیکلے میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 300 رنز سے زیادہ کا ہدف حاصل کیا تھا۔
خیال رہے گال میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کپتان بابر اعظم کی سنچری کی بدولت سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں 218 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ریحان الحق نامی صارف نے لکھا ہے کہ ’پاکستان کو چوتھی اننگز میں گال میں سب سے زیادہ ہدف حاصل کرنے کا ریکارڈ بنانا ہوگا، تاہم سری لنکا اس وقت فیورٹ ہے، اس سے پہلے چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ ہدف سری لنکا نے 268 رنز نیوزی لینڈ کے خلاف 2019 میں بنا کر حاصل کیا تھا۔‘

فاطمہ نامی ایک صارف کہتی ہیں کہ ’اب آؤٹ ہوجاؤ بھائی، رنز اوقات سے باہر ہورہے ہیں۔‘

ادریس نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’بابر کا پورا بدلہ لے لیا ہے چندیمل نے۔‘
سعد نامی صارف کہتے ہیں کہ ’حسن علی آہستہ آہستہ بہت برے فیلڈر بنتے جارہے ہیں۔‘

شیئر: