Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بھتیجی کے انتقال پر شاہ بحرین سے سعودی قیادت کا اظہار تعزیت

شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی شاہ بحرین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ  سلمان بن عبدالعزیز نے بحرین کے حکمراں خاندان کی ہر دلعزیز شخصیت شیخہ مثایل بنت علی بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ کی وفات پر بحرینی فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ سے اظہار تعزیت کیا۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شیخہ مثایل بنت علی بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ کی وفات کی خبر سن کر دکھ ہوا۔ وہ شاہ بحرین نیز متوفی کے اہل خانہ سے دلی رنج و ملال کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ان پر اپنا فضل و کرم فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام سے نوازے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی شیخہ مثایل بنت علی بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ کی وفات پر شاہ بحرین سے اظہار تعزیت کیا۔
اردن کے فرمانروا شاہ  عبداللہ الثانی اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے بھی شاہ بحرین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ دونوں نے  الگ الگ تعزیتی پیغام ارسال کیے۔ دیگر عرب رہنما اور بحرینی عوام کی طرف سے بھی شہزادی مثایل کی موت پر رنج و ملال کا اظہار کیا جارہا ہے۔
شیخہ مثایل آل خلیفہ بحرین کے حکمراں خاندان کی اہم شخصیت تھیں وہ بحرینی وزیر ایوان شاہی شیخ علی بن عیسی آل خلیفہ کی صاحبزادی تھیں۔ ان کی والدہ شیخہ العنود بنت محمد بن سلمان آل خلیفہ  کو بحرینی سماج میں مخیر شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔ وہ بحرین کے موجودہ حکمراں کی بھتیجی تھیں اور بحرین میں پیدا ہوئی تھیں۔ عمر کے چوتھے عشرے میں تھیں۔ اپنے اعلی اخلاق اور انسانیت نواز خدمات کے حوالے سے معروف تھیں۔ خیر پسندی انہیں اپنی ماں سے ورثے میں ملی تھی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: