Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رنبیر کپور کی شمشیرا بھی فلاپ، ’بہت بڑی مایوسی ہے‘

فلم شمیشرا کے بعد بالی وڈ کے معروف پروڈکشن ہاؤس یش راج فلمز پر بھی شدید تنقید کی جارہی ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)
بالی وڈ اداکار رنبیر کپور کی نئی فلم ’شمشیرا‘ بھی فلم بینوں اور ناقدین کو بالکل پسند نہیں آئی ہے۔

جمعے کے روز ریلیز ہونے والی فلم شمشیرا فلاپ قرار دی جارہی ہے۔

اپنی ریلیز کے پہلے ہی دن شمشیرا نے انڈیا بھر میں صرف 10 کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے جس کے بعد اس فلم پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
بالی وڈ کے بزنس تجزیہ کار اور ناقد ترن آدرش نے فلم شمشیرا کو ’ناقابلِ برداشت‘ قرار دے دیا۔
ترن آدرش نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’ٹھگز آف ہندوستان کی یادیں تازہ کردیں، یہاں تک کہ رنبیر کپور کی سٹار پاور بھی فلم کی کشتی کو ڈوبنے سے نہیں بچا سکی، بہت بڑی مایوسی ہے۔‘
 
آدتیہ چوپڑا کی پروڈکشن میں بننے والی فلم شمشیرا میں رنبیر کپور، وانی کپور اور سنجے دت نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جبکہ فلم کی ہدایت کاری کرن ملہوترا نے کی ہے۔

بالی وڈ کی خبروں کی ویب سائٹ ’کُوئی مُوئی‘ نے فلم کو صرف 1.5 سٹار دیے ہیں۔

فلم شمیشرا کے بعد بالی وڈ کے معروف پروڈکشن ہاؤس یش راج فلمز پر بھی شدید تنقید کی جارہی ہے۔

اس سے پہلے یش راج بینرز کے نیچے بننے والی گذشتہ چار فلمیں سندیپ اور پنکی فرار، بنٹی اور ببلی 2، جیش بھائی جوردار، سمراٹ پرتھیوی راج بری طرح فلم ہوئی تھیں۔
رنبیر کپور کی فلم شمشیرا کی باکس آفس پر ناقص کارکردگی کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کے تنقیدی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
کیفین نامی ایک صارف لکھتی ہیں کہ ’جب ہدایت کاری متضاد اور آدھی پَکی ہوئی ہو تو آپ کو شمشیرا جیسی ہی سپر فلاپ فلم ملتی ہے، یش راج فلم اور آدی چوپڑا آپ وانی کپور سے کیوں متاثر ہیں؟‘

شیتل نامی ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’دیکھنے سے ہی لگ رہا ہے کہ شمشیرا فلاپ ہوگی۔‘

رانی نامی ایک صارف کہتی ہیں کہ 'شمشیرا نے سارے ریکارڈ توڑ دیے فلاپ فلموں کے۔‘

ایک اور صارف نے کہا کہ ’لگتا ہے شمشیرا کے فلاپ ہونے کے بعد رنبیر بھی رنویر کی طرح شہرت حاصل کرنا چاہیں گے۔‘

خیال رہے کہ شمشیرا کے بعد رنبیر کپور کی اگلی آنے والی فلم براہمسترا ہے جو 9 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

شیئر: