Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یک طرفہ فیصلوں کے سامنے سر جھکانے کی توقع نہ رکھی جائے: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ ’موجودہ سیاسی انتشار اور عدم استحکام کا سلسلہ ایک عدالتی فیصلے سے شروع ہوا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ’یک طرفہ فیصلوں کے سامنے سرجھکانے کی ہم سے توقع نہ رکھی جائے۔ بہت ہوگیا۔‘
سنیچر کو اپنی ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا کہ ’موجودہ سیاسی انتشار اور عدم استحکام کا سلسلہ اس عدالتی فیصلے سے شروع ہوتا ہے جس کے ذریعے آئین کی من مانی تشریح کرتے ہوئے اپنی مرضی سے ووٹ دینے والوں کے ووٹ نہ گننے کا حکم جاری ہوا۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی سپریم کورٹ نے سنیچر ہی کو صوبہ پنجاب کے وزیراعلٰی حمزہ شہباز کو 25 جولائی تک مکمل اختیارات کے استعمال سے روکتے ہوئے ان کی عبوری حیثیت بحال کرنے کا مختصر فیصلہ سنایا تھا۔
عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے پنجاب کے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی جمعے کو وزیراعلٰی کے انتخاب کے بعد ووٹوں کی گنتی کے وقت دی گئی رولنگ کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کے بعد مختصر فیصلہ سناتے ہوئے 25 جولائی کو فریقین سے تحریری جواب طلب کیا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔

 

شیئر: