کنگ فہد پل کے ذریعے مسافروں کی آمد و رفت سب سے زیادہ
جمعرات 6 نومبر 2025 22:45
2024 کے دوران 17200 ٹریفک حادثات ریکارڈ کیے گئے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے جنرل ٹرانسپورٹ اور ٹریفک حادثات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سال 2024 کے دوران مملکت میں 17200 ٹریفک حادثات ریکارڈ کیے گئے جن میں 4282 افراد ہلاک جبکہ 24 ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سال 2023 کے مقابلے میں گزشتہ برس حادثات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایک لاکھ افراد کے مقابلے میں 7.1 فیصد اموات ہوئیں جبکہ یہ تناسب 2023 میں 12.13 فیصد تھا اسی طرح حداثات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد میں بھی سال 2023 کے مقابلے میں 3.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ برس مملکت کی بری سرحدی چوکیوں سے مملکت آنے اور جانے والے مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
گزشتہ برس بری سرحدی چوکیوں پر 65.9 ملین مسافروں کی آمد ورفت ریکارڈ کی گئی۔
مملکت آنے والوں مسافروں کی تعداد 33 ملین رہی جو سال 2023 کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے جبکہ مملکت سے جانے والوں کی تعداد 32.8 ملین ریکارڈ کی گئی۔
کنگ فہد پل کے ذریعے مسافروں کی آمد ورفت سب سے زیادہ رہی دوسرا نمبر الخفجی چیک پوسٹ کا رہا جہاں جنوری میں سب سے زیادہ مسافرں کی آمد و رفت رہی۔
اتھارٹی کے مطابق مملکت میں گزشتہ برس 1.2 ملین نئے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے جو سال 2023 کے مقابلے میں 6.6 فیصد زیادہ تھے۔
سب سے زیادہ ڈرائیونگ لائسنس ریاض ریجن میں جاری ہوئے جبکہ دوسرا نمبر مکہ مکرمہ اور تیسرا مشرقی ریجن کا رہا جہاں جاری ہونے والے لائسنسوں کا تناسب 16.4 فیصد تھا۔
