گورنر الشرقیہ نے زیرتعمیر آرامکو سٹیڈیم پروجیکٹ کا دورہ کیا
جمعرات 6 نومبر 2025 23:21
سٹیڈیم کی خصوصیت اس کا سمندر کی لہروں سے متاثر ڈیزائن ہے۔ (فوٹو: الاخباریہ)
سعودی عرب کے الشرقیہ ریجن کے گورنرسعود بن نایف بن عبدالعزیز نے نائب گورنر شہزادہ سعود بن بندر بن عبدالعزیز اور آرامکو کے صدر امین بن حسن الناصر کے ہمراہ زیر تعمیر آرامکو سٹیڈیم پروجیکٹ کا دورہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔
الاخباریہ کے مطابق آرامکو کے صدر امین بن حسن الناصر نے پروجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ سٹیڈیم کی خصوصیت اس کا سمندر کی لہروں سے متاثر ڈیزائن ہے۔
اس سٹیڈیم کو اے ایف سی ایشین کپ 2027 اور فیفا ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی کےلیے بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔
8 لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیے جانے والے اس سٹیڈیم میں 47 ہزار سے زیادہ تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ 9 ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام ہے۔
تماشائیوں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے سٹیڈیم میں جدید بصری نظام نصب ہے، جس میں چار بڑی سکرینیں شامل ہیں جن کا مجموعی رقبہ 300 مربع میٹر ہے
یاد رہے کہ سعودی عرب فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کرے گا۔ 11 دسمبر 2024 کو فیفا کے صدر نے اس کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
ورلڈ کپ 2034 فٹبال کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ سعودی عرب کے پانچ شہریوں ریاض، جدہ، الخبر، نیوم اور ابہا میں ایونٹ کے میچوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
