Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دن میں فیشن ڈیزائننگ، رات کو فوڈ ڈیلیوری

میرب مستقبل میں اپنا فیشن برانڈ لانچ کرنا چاہتی ہیں (فوٹو: فضا اعجاز فیس بک)
پاکستانی طالبہ میرب نے دن میں فیش ڈیزائننگ کی تعلیم اور رات میں ڈیلیوری رائیڈر بن کر بس نہیں کی بلکہ وہ آئندہ کچھ عرصے میں اپنا فیشن برانڈ بھی لانچ کرنا چاہتی ہیں۔
پاکستانی سوشل ٹائم لائنز پر میرب کی جواں ہمتی کا ذکر اس وقت شروع ہوا جب لاہور سے تعلق رکھنے والی فضہ اعجاز نے ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یہ مشکل کام کیسے کر رہی ہیں۔
فضہ اعجاز کے مطابق ’آج میں نے لاہور میں کے ایف سی آرڈر کیا تو جواب میں مجھے ایک خاتون کی کال موصول ہوئی جس نے بتایا کہ میں آپ کی رائیڈر ہوں۔‘
’یہ سن کر مجھے خوش گوار حیرت ہوئی جس کے بعد میں انہیں ریسیو کرنے گیٹ پر پہنچی، جہاں ہماری 10 منٹ گفتگو ہوئی اس میں ان کی خواہشات، مستقبل کے ارادوں اور بائیک کی سواری پر بات ہوئی۔‘
فضہ اعجاز کے مطابق ’یوحنا آباد لاہور کی رہائشی میرب اس وقت فیشن ڈیزائننگ میں انڈر گریجویٹ کی ڈگری حاصل کر رہی ہیں جب کہ رات میں کے ایف سی رائیڈر کے طور پر ڈیوٹی کر کے اپنے تعلیمی اخراجات پورے کر رہی ہیں۔‘

میرب کا اصرار ہے کہ وہ ’آئندہ تین برس تک رائیڈر رہنا چاہتی تاکہ اپنی گریجویشن مکمل کر کے پھر اپنا فیشن برانڈ لانچ کر سکیں۔‘
یہ تفصیل سامنے آنے کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے میرب کی ہمت کی داد دی تو جہاں خواہشات سچ کرنے کے سفر میں ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا وہیں یہ خواہش بھی کی کہ آئندہ مزید پاکستانی لڑکیاں ایسے ہی اپنی پسند کو کامیابی سے حاصل کر سکیں۔
نعمان غوری نے مستقبل میں انہیں ڈھیروں کامیابیوں کی دعا دی تو ساجد مسیح نے لکھا کہ ’ہمیں اپنی بہن بیٹیوں پر فخر ہے۔‘
کرن سائمن خان نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’میں سڑکوں پر کئی خواتین رائیڈرز کو دیکھ چکی ہوں۔‘
 

شیئر: