Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین کا پہلا کاررواں مدینہ منورہ پہنچ گیا، شاندار استقبال

محکمہ پاسپورٹ نے پہلے ہی نئے عمرہ سیزن کی تیاریاں کرلی تھیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
نئے ہجری سال 1444 سے عمرہ سیزن کے آغاز پر زائرین کا پہلا کاررواں مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گیا۔
ایس پی اے کے مطابق برادر ملک عراق سے آنے والے  عمرہ زائرین کا ایئرپورٹ حکام نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔ محکمہ پاسپورٹ کے اہلکاروں نے امیگریشن کی کارروائی مستعدی سے نمٹا کر عراقی بھائیوں کے تئیں اپنی محبت کا اظہار کیا۔ 

گلدستے، کھجور اور زمزم کے تحفے پیش کیے گئے۔ (فوٹو عاجل)

محکمہ پاسپورٹ نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ نئے عمرہ سیزن کی آمد سے قبل ہی عمرہ و زیارت پر بیرون مملکت سے آنے والوں کے استقبال  کی تمام تیاریاں کرلی گئی ہیں۔ ماہر افراد فراہم کردیے گئے  ہیں اور انہیں امیگریشن کی کارروائی احسن طریقے سے نمٹانے کے لیے جدید ترین مشینیں مہیا کی گئی ہیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے اعلی عہدیداروں نے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر 176 عراقی حاجیوں کا شاندار خیر مقدم کیا۔ انہیں گلدستے، مدینہ کی کھجوریں اور آب زمزم تحفے کے طور پر پیش کیا۔

اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کیا جائے۔ (فوٹو ایس پی اے)

وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہوں وہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے پرمٹ حاصل کرلیں اس کے بغیر عمرے کی اجازت نہیں ہوگی۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: