Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رومیتا شیٹی: وہ ’انڈین شہری‘ جنہوں نے پی ٹی آئی کو فنڈز بھیجے

رومیتا شیٹی پاکستانی نژاز امریکی بزنس مین ناصر عزیز احمد کی اہلیہ ہیں۔ (تصویر: کولمبیا یونیورسٹی)
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے منگل کو سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف  سے متعلق فیصلہ سنا دیا ہے اور کہا ہے کہ ’پی ٹی آئی کو عطیات ممنوعہ ذرائع سے ملے۔‘
فیصلے میں کئی ایسے افراد اور کمپنیوں کے نام ہیں جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ غیرملکی شہری ہیں اور پی ٹی آئی نے ان سے فنڈز وصول کیے۔
ان ناموں میں اندر دوسانجھ، ویرل لعل، مائیکل لین، صائمہ اشرف، مرتضیٰ لوکھنڈوالا، ابو بکر وکیل، چرنجیت سنگھ، ورشا لتھرا اور دیگر افراد شامل ہیں۔
لیکن سوشل میڈیا پر اس حوالے سے سب سے زیادہ لیا جانے والا نام رومیتا شیٹی کا ہے۔
الیکشن کمیشن نے دیگر افراد کی جانب سے دیے جانے والے فنڈز کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ رومیتا شیٹی کے حوالے سے بھی تفصیل فیصلے میں درج کی ہے۔
تحریری فیصلے کے صفحہ نمبر 67  پر الیکشن کمیشن نے لکھا ہے کہ ’پی ٹی آئی پاکستان مسز رومیتا شیٹی جو کہ انڈین نژاد امریکی بزنس ویمن ہیں ان کی ڈونیشن کی بھی بینیفشری ہے۔‘
الیکشن کمیشن نے فیصلے میں مزید لکھا ہے کہ رومیتا شیٹی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی پارٹی کو 13 ہزار 750 ڈالرز فنڈ دیا ہے جو کہ ممنوعہ فنڈنگ کے زمرے میں آتا ہے اور پاکستانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
رومیتا شیٹی کے حوالے سے رابعہ انعم نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ایمانداری سے رومیتا شیٹی عمران خان کی ایک پرستار سے زیادہ کچھ اور نہیں نظر آتیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’انڈین ایجنٹس صرف 14 ہزار ڈالرز نہیں بھیجیں گے۔‘
پاکستانی صحافی حامد میر نے بھی الیکشن کمیشن کے فیصلے کا ایک صفحہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انڈین شہری مسز رومیتا شیٹی نے پی ٹی آئی کو سنگاپور سے فنڈز بھیجے تھے۔‘
سید علی عباس زیدی نامی صارف نے ایک طنزیہ ٹویٹ میں لکھا کہ ’رومیتا شیٹی کے چند ہزار ڈالر پی ٹی آئی کو بہت مہنگے پڑیں گے۔ رومیتا، آپ نے جذبات میں آکر یہ کیا کردیا؟‘
رومیتا شیٹی کون ہیں؟
رومیتا شیٹی کا نام اس سے قبل پاکستانی انگریزی اخبار ’دی نیوز‘ سے منسلک تحقیقاتی صحافی فخر درانی کی ایک خبر میں بھی سامنے آیا تھا۔
’بلوم برگ‘ کے مطابق رومیتا شیٹی ’دیمائیو احمد کیپیٹل ایل ایل سی‘ (ڈی اے کیپیٹل) کی مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں اور پاکستانی امریکن بزنس مین ناصر عزیز احمد کی اہلیہ ہیں۔
باصر عزیز احمد کی ’بلوم برگ‘ پر موجود پروفائل کے مطابق وہ ’ڈی اے کیپیٹل‘ کے مینیجنگ پارٹنر ہیں۔
یہ کمپنی دنیا بھر میں اپنے کلائنٹس کو انویسٹمنٹ، معاشی منصوبہ بندی اور دیگر معاملات میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق ان کا دفتر امریکی شہر نیویارک میں واقع ہے۔
رومیتا شیٹی کولمبیا یونیورسٹی کے ’گلوبل تھوٹ‘ ڈپارٹمنٹ کی ایڈوائزی کمیٹی کی بھی رکن ہیں۔
کولمبیا یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر موجود ان کی پروفائل کے مطابق وہ ’ڈی اے کیپیٹل‘ کی مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں اور معاشی شعبے میں کام کرنے کا 27 سالہ تجربی رکھتی ہیں۔
اس سے قبل رومیتا شیٹی ’ڈے کیپیٹل‘ میں ہی صدر کی حیثیت سے بھی کام کرتی رہی ہیں اور 2007-08 میں وہ امریکی انویسٹمنٹ کمپنی ’لیہمن برادز‘ میں بھی کام کرتی رہی ہیں۔
’ڈی اے کیپیٹل‘ کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق رومیتا شیٹی نے بی اے آنرز انڈین دارالحکومت نئی دہلی کے سینٹ سٹیفن کالج سے کیا تھا اور اس کے بعد انہوں نے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کی ڈگری کولمبیا یونیورسٹی سے حاصل کی۔

شیئر: