Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا شعیب ملک ایشیا کپ اور ٹی20 ورلڈ کپ میں واپس آسکتے ہیں؟

شعیب ملک دنیا میں سب سے زیادہ ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نومبر 2021 کے بعد سے اب تک پاکستانی ٹیم سے باہر ہیں۔
2021 میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے وقت یہ کہا جارہا تھا کہ یہ شعیب ملک کا آخری ایونٹ ہوگا اور اس کے بعد وہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے لیکن شعیب ملک نے مزید کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے فوری بعد ہونے والے دورہ بنگلہ دیش کے بعد سے اب تک شعیب ملک کو پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
گزشتہ چند روز سے پاکستان میں سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث جنم لے رہی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم شعیب ملک کو رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شامل کرنا چاہتے ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ شعیب ملک کو 27 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے بھی ٹیم میں شامل کرلیا جائے۔
ان اطلاعات کو اس وقت قدرے بریک لگی جب ایشیا کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا گیا۔ گرین شرٹس کے سکواڈ میں شعیب ملک میں شامل نہیں تھے۔
اسی دوران شعیب ملک کے تجربے سے استفادہ کرنے اور ان کی کارکردگی کے حوالے سوشل میڈیا بالخصوص ٹوئٹر پر ٹرینڈز گردش کرنے لگے۔
ٹیلی ویژن میزبان ڈاکٹر شائستہ لودھی نے شعیب ملک کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’شعیب ملک کا ٹی20 ورلڈ کپ بہترین رہا تھا، جیسی متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز ہیں اور جیسا ہمارا مڈل آرڈر ہے، شعیب ملک کو 2022 کے ایشیا کپ سے نکالنا احمقانہ عمل ہے، وہ سپن کے بہترین بیٹر ہیں۔‘

کرکٹ ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کے مطابق سابق پاکستانی کھلاڑی عاقب جاوید کہتے ہیں کہ ’شعیب ملک ابھی بھی ٹیم کے بہترین مڈل آرڈر بیٹر ہیں۔‘
مہران چودھری لکھتے ہیں کہ ’ایک مرتبہ پھر سے شعیب ملک کو ایشیا کپ سے ڈراپ کردیا گیا، سلیکٹر سینیئر کھلاڑی کو کیوں نظر انداز کریں گے؟ کیا وہ پرفارم نہیں کرسکتے؟ پاکستان ٹیم کو اس لیجنڈ کی ضرورت ہے۔‘

رفیع نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک مرتبہ شعیب ملک بابراعظم کو گراؤنڈ سے باہر لے کر گئے تھے، اس کے بدلے میں بابر اعظم انہیں ایشیا کپ اور ٹی20 ورلڈ کپ کے سکواڈ میں واپس لائیں گے۔‘

محمد علی ٹویٹ کرتے ہیں کہ ’شعیب ملک ابھی بھی ہمارے ٹی20 کے مڈل آرڈر کے دل ہیں۔‘

سنہ 1999 میں ڈیبیو کرنے والے 40 سالہ شعیب ملک نے 2010 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے علاوہ تمام ٹی20 ورلڈ کپ کھیلے ہیں جبکہ وہ دنیا میں سب سے زیادہ ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
شعیب ملک نے اس سے پہلے 2021 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران چھ میچز میں 50 کی اوسط سے 100 رنز بنائے تھے جبکہ 2019 میں انگلینڈ میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شعیب ملک نے تین میچز میں صرف آٹھ رنز بنائے تھے۔

شیئر: