Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ کے میڈل پر جشن بنتا ہے، معذرت نہیں‘ مودی کا خاتون ریسلر کو پیغام

ریسلنگ کے دوسرے اور آخری روز انڈیا نے چھ سونے کے تمغے جیتے (فوٹو: زی نیوز)
انڈیا کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل نہ جیت پانے پر دلبرداشتہ خاتون ریسلر کا حوصلہ بڑھاتے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ’آپ کے میڈل پر جشن بنتا ہے، معذرت نہیں۔‘
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق انڈیا کی جانب سے پوجا گہلوٹ نے 50 کے جی کی کیٹگری کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا تاہم وہ سونے کا تمغہ حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔
پوجا گہلوٹ نے اپنے ملک سے تعلق رکھنے والوں سے معذرت کی تھی کہ اس کی وجہ سے ایونٹ میں انڈیا کا قومی ترانا نہیں گونج سکا۔
انہوں نے کانسی کا میڈیل حاصل کرنے کے بعد جیسے ہی کیمرے کا سامنا کیا تو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور روتے ہوئے کہا ’میں اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کروں گی۔‘
پوجا نے یہ بھی کہا کہ ’میری خواہش تھی اس موقع پر ہمارے ملک کا قومی ترانہ بجے، مگر ۔۔۔۔۔۔۔‘
اس کے ساتھ ہی وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کے آنسو بہہ نکلے۔
ان کی یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد بے شمار انڈینز نے ان کے جذبے کو سراہا اور حوصلہ دیا جن میں ملک کے وزیراعظم نریندر مودی بھی شامل ہیں۔
انہوں نے اتوار کو ٹویٹ میں پوجا کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’آپ کی زندگی کا سفر حوصلہ افزا ہے، آپ کی کامیابی نے ہمیں خوش کیا، راستے میں اہم چیزیں آپ کی منتظر ہیں۔‘
وزیراعظم نریندر مودی نے ایونٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
اسی طرح انہوں نے پوجا گہلوٹ کی جانب سے کانسی کا تمغہ جیتنے کے فوری بعد ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’پوجا گیہلوٹ کو ریسلنگ میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد، انہوں نے بڑی بہادری سے مقابلہ کیا اور ان کی تکنیکی برتری بھی دکھائی دی۔‘
انہوں نے پوجا کے اگلے مقابلوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
ریسلنگ کے دوسرے اور آخری روز انڈیا نے چھ سونے کے تمغے جیتے جبکہ ایک چاندی اور پانچ کانسی کے تمغے حاصل کیے، جن میں سے ایک ایک پوجا سیہاگ، پوجا گہلوٹ اور دیپک نہرا کا تھا۔
وینیش پھوگٹ اور روی داہیہ نے اپنی کیٹگریز میں سونے کے تمغے جیتے۔

شیئر: