Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا اماراتی صدر کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ، دوطرفہ تعاون بڑھانے کا عزم

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑی مشترکہ اعتقاد، اقدار اور ثقافت سے جڑی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النیہان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیراعظم آفس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں پاکستانی شہریوں سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان اور ہیلی کاپٹر حادثہ میں فوجی جوانوں کی شہادت پر بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے اپریل 2022 میں متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران کیے گئے فیصلوں کو دہراتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اس پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا اور سرمایہ کاری، توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر میں شراکت داری سمیت تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کو کئی سالوں سے فراہم کی جانے والی معاونت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امارات کی جانب سے پاکستان میں مختلف اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے حالیہ اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑی مشترکہ اعتقاد، اقدار اور ثقافت سے جڑی ہیں، متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ذریعہ ہے اور وہ 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی میزبانی کر رہا ہے۔

شیئر: