Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری،221 روپے 49 پیسے پر پہنچ گیا

بدھ کے روز ڈالر کی قدر میں 2 روپے 59 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ کفوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ رواں ہفتے بھی جاری ہے۔
بدھ کے روز مارکیٹ کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں دو روپے کی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ڈالر کی فروخت میں اضافہ دیکھا گیا تھا جبکہ رواں ہفتے کاروبار کے آغاز پر یہی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں کمی کی اہم وجہ امپورٹ بل میں کمی اور آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری کی خبریں ہیں۔
جنرل سیکرٹری ایکسچینچ کمپینیز آف پاکستان ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ ’گزشتہ ہفتے سے سے ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ اس وقت بھی صورتحال گزشتہ ہفتے سے مختلف نہیں ہے، دو روز کی چھٹی کے بعد آج مارکیٹ کے آغاز سے ہی روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ کاروبار کے آغاز کے پہلے گھنٹے میں ہی ڈالر کی قیمت میں اب تک دو روپے کی کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ حکومت اگر امپورٹ بل میں کمی اور اپنے اخراجات مزید کم کرنے میں کامیاب ہوتی ہے تو ڈالر کی قیمت مزید نیچے آسکتی ہے۔
معاشی ماہر سمیع اللہ طارق کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام کے ساتھ ساتھ دوست ممالک سے بھی ڈالرز ملنے پر صورتحال میں مزید بہتری متوقع ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق بدھ کے روز مارکیٹ کے آغاز کے وقت ہی ڈالر 2 روپے 59 پیسے کی کمی کے ساتھ 221 روپے 49 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی آج مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے اور انڈیکس 450 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ 42 ہزار 500 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے.

شیئر: