Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی ترانے کی دھن بجانے پر پاکستانی یورپی یونین کی سفیر کے معترف

قومی ترانے کی دھن کی ویڈیو کو لاکھوں مرتبہ دیکھا گیا ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر نے قومی ترانے کی دھن بجائی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی تو اسے دیکھنے والے خاتون سفیر کے معترف دکھائی دیے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردہ مختصر ویڈیو میں یورپی یونین کی سفیر برائے پاکستان ڈاکٹر رینا کیونکا کو سبزوسفید لباس زیب تن کیے ہوئے پاکستان کے قومی ترانے کی دھن بجاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو سوشل ٹائم لائنز پر آنے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں شیئر ہوئی جب کہ اس پر تبصروں، لائکس اور ویوز کی تعداد لاکھوں میں رہی۔
ایک منٹ 31 سیکنڈ دورانیے کی ویڈیو میں پاکستان کے قومی ترانے کی دھن کے پس منظر میں قومی اہمیت کے حامل مختلف مقامات کو بھی دکھایا گیا ہے۔
یورپی یونین کی سفیر برائے پاکستان کی ویڈیو دیکھنے والے صارفین نے اپنے اپنے انداز میں اسے موضوع بھی بنایا۔
پاکستانی صحافی زوفین ابراہیم نے خاتون سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں ’خوبصورتی سے دھن پیش کرنے‘ پر سراہا۔

طارق باجوہ نے اپنے تبصرے میں سفیر کے انداز پر پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’تقابل سے بالا پرفارمنس‘ قرار دیا۔

طوبی جاوید نے ’پاکستان کو عزت دینے‘ پر اسلام آباد میں یورپی یونین کے سفارت خانے اور سفارت کار دونوں کا شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر رینا کیونکا کی بجائی گئی قومی ترانے کی دھن کو پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن سمیت نجی میڈیا چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی مختلف افراد اور اداروں کی جانب سے ری پروڈیوس کیا جاتا رہا۔
14 اگست 2022 کو پاکستان اپنے قیام کے 75 برس مکمل کر رہا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں پلاٹینم جوبلی کے سلسلے میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
اسی سلسلے میں جمعہ کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں بھی بچوں کا کنونشن منعقد ہوا۔ منتظمین کی جانب سے اسے دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام قرار دیا گیا۔
 

شیئر: