Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹویوٹا اور سوزوکی کے بعد پاکستان میں ہنڈا نے بھی گاڑیوں کی قیمتیں کم کر دیں

ہنڈا سٹی کی قیمت میں 320000 روپے تک کی کمی ہوئی ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں ٹویوٹا اور سوزوکی کے بعد ہنڈا نے بھی مختلف ماڈل کی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
اٹلس ہنڈا کی جانب سے مختلف ماڈل کی گاڑیوں کی قیمتوں میں 28000 روپے سے 550000 روپے تک کی کمی کی گئی ہے۔
ہنڈا کی سٹی ایم ٹی 1.2 ایل کی قیمت 280000 روپے کم، سٹی سی وی ٹی 1.2 اور 1.5 ایل کی قیمت میں تین، تین لاکھ جب کہ سٹی اسپائر ایم ٹی 1.5 ایل کی قیمت میں 310000 اور سٹی اسپائر سی وی ٹی 1.5 ایل کی قیمت میں 320000 روپے کی کمی کی گئی ہے۔
ہنڈا کی بی آر وی سی وی ٹی ایس کی قیمت میں 360000 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
ہنڈا سوک کی 1.5 ایل ایم-سی وی ٹی کی قیمت میں 450000 جب کہ سوک 1.5 ایل اوریل ایم-سی وی ٹی کی قیمت میں پانچ لاکھ اور ٹربو آر ایس 1.5 ایل ایل -سی وی ٹی کی قیمت میں 550000 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
اٹلس ہنڈا کے مطابق قیمتوں میں حالیہ ردوبدل ایکس فیکٹری پرائس میں کیا گیا ہے۔
پاکستانی آٹو مارکیٹ سے متعلق پلیٹ فارم پاک وہیلز کے مطابق ہنڈا کی جانب سے اعلان کردہ نئی قیمتوں کا اطلاق 17 اگست سے ہو گا۔
قبل ازیں 30 جولائی کو ہنڈا نے اپنی گاڑیوں کے تمام ماڈلز پر سات لاکھ 85 ہزار سے 14 لاکھ 50 ہزار روپے تک قیمتیں بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ اس اضافے کے بعد ہنڈا سٹی ایم ٹی سات لاکھ 85 ہزار اضافے کے بعد 40 لاکھ 49 ہزار کی، ہنڈا سٹی سی وی ٹی 8 لاکھ 10 ہزار اضافے کے بعد 41 لاکھ 99 ہزار روپے جبکہ سٹی سی وی ٹی 1500 سی سی 8 لاکھ 50 ہزار اضافے کے ساتھ 44 لاکھ 49 ہزار روپے میں مل رہی تھی۔
امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کا شرح تبادلہ بہتر ہونے کے بعد ٹویوٹا نے بھی اپنی مختلف ماڈل کی قیمتوں میں دو لاکھ 60 ہزار فی یونٹ سے 11 لاکھ 40 ہزار روپے فی یونٹس تک کمی کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: