Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شک ہے ن لیگ کا سوشل میڈیا شاید پی ٹی آئی کے لیے کام کر رہا ہے‘

یہ تصویر جاتی عمرہ میں شریف خاندان کے گھر کے ڈرائنگ روم میں بنائی گئی ہے۔ (تصویر: پی ایم ایل این)
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بدھ کو انڈس موٹرز کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او علی اصغر جمالی اور نائب صدر شنجی یانگی سے جاتی عمرہ میں ملاقات کی اور اب یہ ملاقات سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو بنی ہوئی ہے۔
اس ملاقات کی تصویر بدھ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شام سوا چھ بجے ٹویٹ کی گئی۔ تصویر جاتی عمرہ میں شریف خاندان کے گھر کے ڈرائنگ روم میں بنائی گئی ہے۔
اس تصویر میں مریم نواز، علی اصغر جمالی اور شنجی یانگی ایک ساتھ کھڑے گفتگو کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں اور انڈس موٹرز کے سی ای او کے ہاتھ میں لوئی ویتون کا پیپر بیگ بھی نظر آ رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد اس وقت اس ملاقات سے زیادہ لوئی ویتون کے بیگ میں دلچسپی لے رہی ہے۔

عائشہ اعجاز خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’اب آپ کو وضاحت کرنا پڑے گی کہ اس تصویر میں ایل وہ (لوئی ویتون) کا بیگ کیا کررہا ہے؟‘

قاسم شاہ نے لکھا ’انڈس موٹرز، اس بہترین میٹنگ پر آپ کو سراہنا چاہیے۔ یہ تصویر وائرل ہو جائے گی اور آپ کی سیلز میں اضافہ ہوگا۔‘

اس ملاقات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شیریں مزاری نے لکھا ’کیا ٹویوٹا انڈس موٹرز کی کوئی اخلاقیات نہیں؟ ایک سزا یافتہ سے گفٹ کے ساتھ ملاقات؟‘

داور بٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سوشل میڈیا ٹیم پر طنز کرتے ہوئے لکھا ’پی ٹی آئی والے پریشان نہ ہوں، نون کی سوشل میڈیا ٹیم آپ کو الیکشن جتوائی گی۔ ان پر مکمل بھروسہ رکھیں۔‘

ایک صارف نے لکھا ’اچھا مجھے شک ہے یہ لیگی سوشل میڈیا (ٹیم) شاید پی ٹی آئی کے لیے کام کر رہی ہے۔‘

واضح رہے لوئی ویتون فرانسیسی فیشن برانڈ ہے جس کا ہیڈکورٹر پیرس میں واقع ہے۔

شیئر: