Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈوبتی لڑکیوں کو بچانے والا پولیس اہلکار، ’اُن کی شکل میں بیٹی نظر آ رہی تھی‘

کراچی پولیس کے ایک اہلکار سکندر علی نے اپنی زندگی پر کھیل کر تین لڑکیوں کو ڈوبنے سے بچا لیا جس پر اعلیٰ افسران نے اُن کے لیے انعام کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کی شب کورنگی ندی میں پانی کے تیز بہاؤ میں تین لڑکیاں بہہ گئی تھیں۔ موقع پر موجود افراد نے 15 پر کال کی۔ ہنگامی کال موصول ہوتے ہی گشت پر مامور پولیس موبائل کورنگی کاز وے پر پہنچی۔
پولیس موبائل میں ڈیوٹی پر موجود اہلکار سکندر علی نے تینوں لڑکیوں کو ڈوبتا دیکھا تو انہیں بچانے کے لیے ندی میں جانے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ وہ سات بچوں کے باپ ہیں اور ڈوبتی بچیوں میں ’انہیں اپنی بیٹی نظر آ رہی تھی۔‘
سکندر علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے موقع سے کچھ کیبل وائر جمع کیے اور خود کو اس سے باندھ کر پانی میں اتر گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ مرحلہ آسان نہیں تھا کیونکہ پانی کا بہاؤ بہت تیز تھا اور ایک کنارے سے دوسرے مقام پر پہنچنے میں دشواری ہو رہی تھی۔ ایک مشکل صورتحال تھی لیکن اللہ کا نام لے کر پہلی لڑکی کو ریسکیو کیا، واپسی پر کچھ دیر میری اپنی طبیعت بھی خراب ہوئی لیکن ساتھ موجود دوستوں نے حوصلہ بڑھایا اور ایک ایک کر کے باقی دو لڑکیوں کو بھی تار کی مدد سے واپس لانے میں کامیاب ہو گیا۔‘

سکندر علی نے موقع سے کچھ کیبل وائر جمع کیے اور خود کو اس سے باندھ کر پانی میں اتر گئے۔ (فوٹو: سکرین گریب)

سکندر علی کے مطابق ’یہ ایک ایسا لمحہ تھا جس کو بیان کرنا میرے لیے آسان نہیں۔ مسلسل بارشوں کی وجہ سے اسی مقام پر کئی قیمتی جانیں گئی ہیں۔ یہاں ایک خوف کی سی کیفیت ہوتی ہے۔‘
سکندر علی کے اس کارنامے پر اعلیٰ پولیس افسران نے ان کے لیے انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔

شیئر: