Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الزامات لگانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، اسلام آباد پولیس

پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز پر عمران خان کی تقریر براہ راست نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور  سابق وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکیاں یا الزامات لگانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔
اتوار کو ٹوئٹر پر ایک بیان میں اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ پولیس اہلکار اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے اور کسی قسم کی بدنظمی کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔
بیان کے مطابق ’اسلام آباد کیپیٹل پولیس بحیثیت ادارہ تمام جھوٹے الزامات کے خلاف قانون کے مطابق عمل کرے گی۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس عوام اور ملک کے لیے اپنے کام کو سنجیدگی سے لیتی ہے۔
عمران خان نے سنیچر کی رات ایف نائن پارک اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’شہباز گِل کو اس طرح اٹھایا گیا جیسے وہ کوئی بہت بڑا غدار ہو، اسلام آباد کے آئی جی، ڈی آئی جی ہم نے آپ کو نہیں چھوڑنا۔ ہم آپ کے خلاف کیس کریں گے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’عمران خان کی دھمکی کو ساری دنیا نے براہ راست دیکھا، اب عمران خان قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔‘
حکومتی اتحاد نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خطاب کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
حکومتی اتحاد نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے اپنے خطاب میں ایک خاتون مجسٹریٹ کو دھمکی اور آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کو مخاطب کرکے ڈرانے کی کوشش کی ہے۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام ٹی وی چینلز پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقریر براہ راست نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

شیئر: