Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کا پولیس افسران اور ریمانڈ دینے والی مجسٹریٹ کے خلاف مقدمہ کرنے کا اعلان

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ’شہباز گل کو اس طرح اٹھایا گیا جیسے وہ کوئی بہت بڑا غدار ہو، اسلام آباد کے آئی جی، ڈی آئی جی ہم نے آپ کو نہیں چھوڑنا۔ ہم آپ کے خلاف کیس کریں گے۔‘
مجسٹریٹ صاحبہ زیبا، آپ بھی تیار ہوجائیں آپ کے اوپر بھی ہم ایکشن لیں گے، آپ سب کو شرم آنی چاہیے کہ ایک کمزور آدمی ملا آپ کو، فضل الرحمان سے جان جاتی ہے۔‘
سنیچر کی رات اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں خطاب کے دوران خاتون مجسٹریٹ کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ ’آپ کو پتا تھا کہ اس (شہباز گِل) پر ظلم ہوا ہے اور پھر بھی آپ نے اسے ضمانت نہیں دی۔‘
’جو کچھ شہباز گِل نے کہا اس سے بہت زیادہ باتیں نواز شریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان، مریم نواز، خواجہ آصف نے کیں جن سے فوج کے ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’’فکر نہ کرو، اگر گِل کے اوپر کیس ہو سکتا ہے تو نواز شریف، فضل الرحمان اور رانا ثنااللہ کے خلاف بھی کیس ہو سکتا ہے۔ ہم آئی جی ، ڈی آئی جی اور مجسٹریٹ کے خلاف کیس دائر کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے شہباز گِل پر تشدد کر کے کہ یہ بتانے کی کوشش کہ ہم کسی کے ساتھ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ اس وقت ملک میں دہشت پھیلائی جا رہی ہے۔‘
’یہ سب جو ہوا ہے، یہ صرف طاقتور نے دکھایا ہے کہ ہم سب سے اوپر ہیں۔ جب میں اسلام آباد پولیس سے پوچھا کہ یہ آپ نے کیا کِیا ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ ہم نے کچھ نہیں کیا، ہمیں پیچھے سے بوٹ لگا تھا۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’یہ فیصلہ کن وقت ہے۔ اگر ہم اس خوف کے بت کے سامنے جھک گئے تو ہمارے سامنے غلامی ہے۔ دنیا کی تاریخ میں ڈکٹیٹرز اور بادشاہ لوگوں کو خوف کی بنا پر غلام بناتے تھے۔ وہ لوگوں کی تنقید ختم کر کے لوگوں کو قابو کرتے تھے۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’نیوٹرلز کے لیے ضروری ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں چوروں کے ساتھ نہیں‘ (فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)

عمران خان نے سیاسی مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ جو چوروں کا ٹولہ ہے۔ جو باہر بھگوڑا بیٹھا ہے۔ آج سب سن لو یہ قوم بیدار ہو گئی ہے۔ آپ جتنا مرضی خوف پھیلانے کی کوشش کریں۔ میڈیا اور سوشل میڈیا کو ڈرا لیں۔ آپ عوام کے اس سمندر کو آپ نہیں روک سکتے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’نیوٹرلز کو کہنا چاہتا ہوں کہ یہ پاکستان کا مسئلہ ہے۔ نیوٹرلز کے لیے ضروری ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں چوروں کے ساتھ نہیں۔‘
عمران خان نے اتوار کو لیاقت باغ راولپنڈی کے اپنے جلسے میں کارکنوں کو آئندہ کا لائحہ عمل دینے کا اعلان کیا۔‘

شیئر: