Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہاب علی بگٹی کا گھر سیلاب کی نذر، ’وعدے نہیں اقدامات‘

’کناں یاری‘ کو یوٹیوب پر تین کروڑ 40 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ (فوٹو: کوک سٹوڈیو)
پاکستانی میوزک شو کوک سٹوڈیو کے 14 ویں سیزن میں ’کناں یاری‘ نامی گانے سے مشہور ہونے والے بلوچ سنگر وہاب علی بگٹی صوبہ بلوچستان میں آنے والے سیلاب کے باعث بے گھر ہو گئے ہیں۔
وہاب علی بگٹی نے کوک سٹوڈیو کے 14 ویں سیزن میں کیفی خلیل اور ایوا بی کے ساتھ مل کر ’کناں یاری‘ گانا گایا تھا جسے یوٹیوب پر تین کروڑ 40 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سنگر وہاب علی بگٹی کے بارے میں خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ صوبہ بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں سیلاب کے باعث بے گھر ہو گئے ہیں۔ ان کا کچا گھر سیلاب کی نذر ہوگیا ہے اور وہ کھلے آسمان تلے دن گزار رہے ہیں۔
سماجی رہنما اور ٹی وی ہوسٹ منیبہ مزاری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’یہ بہت دل توڑ دینے والا ہے، یہ وہاب بگٹی بھائی ہیں، یہ اس وقت ان حالات سے گزر رہے ہیں، اللہ رحم۔‘

فلم میکر ابو علیحہ نے کہا کہ ’یہ وہاب بگٹی ہیں۔ یقیناً آپ سوچ رہے ہوں گے کون وہاب بگٹی؟ کناں یاری، غداری، عشق نامے گار اد ءَ، جی اس گانے میں سر پر پگڑی سجائے کلاسیک بلوچی موسیقی کے سُر ملاتا جو شخص گا رہا تھا ـ یہ وہی وہاب بگٹی ہیں۔‘

صحافی خواجہ برہان الدین نے وہاب علی بگٹی کے بارے میں کہا کہ ’کوک سٹوڈیو کے گانے کناں یاری سے مشہور ہونے والے بلوچ گلوکار وہاب علی بگٹی بلوچستان میں سیلاب کے باعث کھلے آسمان تلے راتیں گزارنے پر مجبور ہیں۔ یہ ایک خاندان ہے، اس جیسے سینکڑوں اور ہیں۔ انھیں وعدوں کی نہیں اقدامات کی ضرورت ہے۔‘

مبارک قاضی مرید نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’کوک اسٹوڈیو کے گانے کناں یاری کے وائرل ہونے کے بعد شہرت پانے والے بلوچ گلوکار وہاب علی بگٹی اپنے بچوں کے ساتھ سر پر چھت کے بغیر راتیں گزارنے پر مجبور ہیں کیونکہ مون سون کے سیلاب نے بلوچستان کے نصیر آباد میں ان کا کچا مکان تباہ کر دیا ہے۔‘

واضح رہے کہ ملک میں ہونے والی مون سون بارشوں سے بلوچستان، جنوبی پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

شیئر: