Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے 9 افراد ہلاک، 17 زخمی

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں اور سیلاب سے نو افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے ہیں۔
سنیچر کو خیبر پختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور میں بارشوں کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان، ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ ڈی آئی خان کے متاثرین کے لیے مزید تین کروڑ روپے جاری کر دیے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان کی ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مختلف مقامات پر چار ریلیف کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں 33 مکانات کو جزوی جبکہ 10 کو مکمل طور نقصان پہنچا۔
واضح رہے بلوچستان اور سندھ بھی سیلاب اور طوفانی بارشوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ 
بلوچستان میں ہلاکتوں کی تعداد 196 ہو چکی ہے جبکہ صوبائی حکومت نے کہا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے اور متاثرین کی بحالی کے لیے کم از کم 35 ارب روپے کی ضرورت ہے۔
جمعرات کو امریکی حکومت نے پاکستان میں قدرتی آفات سے تحفظ کے لیے 10 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔
جمعرات کو ایک ٹویٹ میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ’ہم مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہیں اور سیلاب سے متاثر ہونے والوں کی مدد کر رہے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایک لاکھ ڈالر کی فوری امداد کے علاوہ امریکی حکومت نے قدرتی آفات سے تحفظ کے لیے دس لاکھ ڈالر کا اعلان بھی کیا ہے اور ہم موسمیاتی بحران کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔‘
امریکی وزیر خارجہ سے قبل پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا گیا تھا۔

شیئر: