Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ثانیہ مرزا یو ایس اوپن سے باہر، ’اندازہ نہیں تھا اتنا برا ہو گا‘

ثانیہ مرزا نے انجری کی رپورٹ کے حوالے سے انسٹاگرام سٹوری میں شائقین کو آگاہ کیا (فوٹو:اے ایف پی)
انڈین ٹینس سٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا بازو کی انجری کے باعث امریکہ میں ہونے والی اوپن ٹینس چیمپیئن شپ سے باہر ہو گئی ہیں۔
ثانیہ مزرا نے امریکی اوپن 2022 سے باہر ہونے کا اعلان منگل کو مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے کیا۔
ثانیہ مرزا نے لکھا کہ ’آج میرے پاس اچھی خبر نہیں ہے۔ دو ہفتے قبل کینیڈا میں کھیل کے دوران میرا بازو اور کہنی زخمی ہو گئی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’گزشتہ روز سکین کی رپورٹ آنے سے پہلے تک مجھے اندازا نہیں تھا کہ اتنا نتیجہ سامنے آئے گا۔‘
افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کچھ ہفتوں تک ٹینس نہیں کھیل سکیں گی اور وہ یو ایس اوپن سے باہر ہو گئی ہیں۔
ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ’یہ اچھا نہیں ہوا، یہ بد ترین وقت ہے جو میرے ریٹائرمنٹ کے کچھ فیصلوں کو بھی بدل دے گا لیکن میں آپ سب سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں رہوں گی۔‘
اس سے قبل انڈین ٹینس سٹار ایک مرتبہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکی ہیں۔ تاہم بعدازاں ان کا کہنا تھا کہ یہ اعلان کافی جلدی کردیا ہے جس پر انہیں ’پچھتاوا‘ ہو رہا ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق سونی سپورٹس نیٹ ورک پر ثانیہ مرزا سے پوچھا گیا کہ کیا ٹینس اور مقابلوں کے حوالے سے ان کا نقطہ نظر بدل گیا ہے، کیونکہ یہ ان کا آخری سیزن ہے۔
اس پر ان کا کہنا ہے کہ ’میں اس (ریٹائرمنٹ) کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتی، میرے خیال میں میں نے یہ اعلان بہت جلدی کردیا ہے، مجھے اس کا پچھتاوا ہے کیونکہ مجھ سے اس وقت اسی بارے میں سوال پوچھے جا رہے ہیں۔‘
’میں میچز جیتنے کے لیے کھیلتی ہوں اور جب تک کھیلوں گی کوشش ہو گی کہ ہر میچ جیتوں اور ریٹائرمنٹ ہر وقت میرے ذہن پر سوار نہیں ہوتی۔‘
واضح رہے کہ 19 جنوری کو ثانیہ مرزا نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2022 کے سیزن کے اختتام پر ریٹائرمنٹ لے لیں گی کیونکہ ان میں اب اتنی طاقت باقی نہیں رہی۔
انہوں نے یہ اعلان آسٹریلین اوپن میں ویمنز ڈبلز کا پہلا راؤنڈ ہارنے کے بعد کیا تھا۔

 

شیئر: